آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
یونائیٹڈ ایئر لائن میں رضاکارانہ طور پر سیٹ چھوڑنے پر دس ہزار ڈالر انعام
امریکہ کی یونائیٹڈ ایئر لائن نےاعلان کیا ہے کہ طیارے میں زیادہ مسافروں کی بکنگ کی صورت میں رضاکارانہ طور پر سیٹ چھوڑنے پر دس ہزار ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔
یونائیٹڈ ایئر لائن کا فیصلہ اس واقعے کی تحقیقات کے بعد سامنا آیا ہے جس میں طیارے میں گنجائش سے زیادہ بکنگ ہونے کی صورت میں ایک مسافر کو گھسیٹ کر جہاز سے اتارا گیا تھا۔
گذشتہ ہفتے پیش آنے والے اس واقعے میں جہاز میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کی بکنگ کے بعد جہاز کے عملے نے چار مسافروں کو اپنی مرضی سے سیٹیں چھوڑنے کا کہا تھا۔
جب مسافروں نے رضاکارانہ طور پر سیٹیں چھوڑنے سے انکار کیا تو جہاز کے عملے نے خود چار مسافروں کو چنا لیکن جب ایک مسافر نے سیٹ چھوڑنے سے انکار کیا تو اسے سکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے گھسیٹ کر طیارے سے اتارا گیا۔
اس مسافر کو طیارے سے گھسیٹ کر نکالنے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر یونائیٹڈ ایئر لائن کو معافی مانگنی پڑی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
طیارے سے گھسیٹے جانے والے مسافر ویتنامی نژاد ڈاکٹر ڈیوڈ دؤ تھا جو دو عشروں سے امریکی ریاست کنٹکی میں مقیم ہیں۔
ڈاکٹر ڈیوڈ دؤ کو زبردستی باہر نکالنے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا میں غصہ پھیلا اور لاکھوں لوگوں نے اس ویڈیو کو دیکھا۔
ویڈیو سامنے کے بعد یونائیٹڈ ایئرلائن نے اپنے ملازمین کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسافر 'اڑیل اور جھگڑالو' تھا اور اسے ہوائی جہاز سے نکالنے کے لیے طے شدہ طریقہ کار پر عمل کیا گیا۔
اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد ایئر لائن کی مالک کمپنی کے حصص میں چار فیصد سے زیادہ کمی ہوئی۔