آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ٹرمپ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے رقم حاصل کرنے میں ناکام
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ وہ رواں ہفتے اخراجاتی بل میں میکسیکو سے متصل سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے رقم حاصل کرنے کے منصوبے سے دستبردار ہوجائیں گے۔
صدر ٹرمپ کے قریبی مشیر کیلین کونوے کا کہنا ہے کہ دیوار کی تعمیر کے لیے اخراجات بجٹ میں شامل نہیں کیے جائیں گے جو جمعے تک ہرصورت منظور کیا جانا ہے۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا۔
ڈیموکریٹس نے دھمکی دی تھی کہ اگر دیوار کے لیے رقم مختص کی گئی تو وہ اس بل کو روک لیں گے۔ دیوار کے لیے رقم مختص نہ کرنے کے فیصلے سے اب تعطلِ حکومت کا خطرہ ٹل گیا ہے۔
تاہم صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اصرار کیا ہے کہ وہ اب بھی دیوار کی حمایت کرتے ہیں اور اس کی تعمیر کی جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مبینہ طور پر انھوں نے پیر کو کنزرویٹو میڈیا کے نمائندگان سے نجی ملاقات کے دوران کہا کہ وہ رواں سال کے آخر تک دیوار کے لیے فنڈنگ حاصل کر سکتے ہیں۔
اور کیلین کونوے نے فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اس دیوار کی تعمیر کے لیے اس ہفتے رقم حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن یہ ان کی اہم ترجیح رہے گی۔
صدر ٹرمپ نے دیوار کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی تجویز کانگریس کے ذریعے اخراجاتی بل کے حصے کے طور پر پیش کی تھی، جو وفاقی اداروں کو مالیاتی سال کے اختتام پر رقوم فراہم کرتا ہے۔
اس منصوبے کو ڈیموکریٹس کی مخالفت کا سامنا ہے۔
جبکہ کچھ رپبلکنز نے دیوار کی تعمیر کا خرچ 21.6 ارب ڈالر بتایا ہے جو کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے بتائے گئے 12 ارب ڈالر سے کہیں زیادہ ہے۔
تاہم وائٹ ہاؤس نے ایک بار پھر اصرار کیا ہے کہ دیوار ضرور تعمیر ہوگی، اور اس میں ’دیر‘ ہوگی لیکن وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان شان سپائسر کا کہنا تھا کہ '’رجیحات تبدیل نہیں ہوئیں۔ دیوار تعمیر کی جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ انسانی سمگلنگ، غیرقانونی منشیات اور غیرقانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے ضروری ہے۔