آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ٹیکس عائد کرنے سے امریکی ہی دیوار کے اخراجات دیں گے: میکسیکو
میکسیکو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میکسیکو سے درآمدات پر 20 فیصد ٹیکس عائد کر کے سرحد پر دیوار کی تعمیر کے اخراجات پورے کرنے کی تجویز کی مذمت کی ہے۔
میکسیکو کے وزیرِ خارجہ لوئیس ودیگرائے کا کہنا ہے کہ درآمدات پر 20 فیصد ٹیکس عائد کرنے سے امریکی صارفین کے لیے میکسیکو کی درآمدات مزید مہنگی ہو جائیں گی اور آخر میں امریکی صارفین ہی دیوار کی تعمیر کی رقم دیں گے۔
امریکہ اور میکسیکو کے درمیان دیوار کی تعمیر پر پیدا ہونے والے تنازع کے بعد میکسیکو کے صدر انریق پینا نیٹو نے اپنا طے شدہ دورۂ امریکہ منسوخ کر دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں ان کا ایک اہم انتخابی نعرہ میکسیکو کی سرحد پر 2000 میل طویل دیوار تعمیر کرنا تھا۔
اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حکم نامے میں امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس منصوبے کے سو فیصد اخراجات بھی میکسیکو سے لیے جائیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میکسیکو کے وزیرِ خارجہ لوئیس ودیگرائے کا جمعرات کو کہنا تھا 'میکسیکو سے درآمدات پر 20 فیصد ٹیکس عائد کر کے دیوار کی تعمیر پر آنے والے اخراجات وصول کرنا کوئی طریقہ نہیں ہے۔ لیکن شمالی امریکی کے صارفین سے پھل، واشنگ مشینز اور ٹیلیویژن وغیرہ جیسی اشیا کو مہنگے داموں میں فروخت کر کے یہ رقم جمع کی جا سکتی ہے۔'
انھوں نے زور دے کر کہا 'ڈونلڈ ٹرمپ کی دیوار کے لیے ادائیگی کے معاملے پر میکسیکو بات نہیں کرے گا۔'
اس سے پہلے جمعرات کو وائٹ ہاؤس کے ترجمان شون سپائسر کا کہنا تھا کہ میکسیکو سے درآمدات پر 20 فیصد ٹیکس سے اندازہ سالانہ دس ارب ڈالر حاصل ہوں گے۔