انڈیا کی کاروباری شخصیت وجے مالیا کو لندن میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا

انڈیا کی کاروباری شخصیت وجے مالیا کو لندن کی عدالت میں پیش ہونے کے بعد چھ لاکھ پچاس ہزار پاؤنڈز کے عوض ضمانت پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

انھیں جمعرات کو انڈین حکام کی جانب سے دھوکہ دہی کے الزامات کے تحت میٹرو پولیٹین پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

لندن پولیس کے مطابق وجے مالیا کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا گیا۔

انڈیا چاہتا ہے کہ انھیں انڈیا کے حوالے کر دیا جائے۔ ان پر اپنی غیر فعال ہو جانے والی فضائی کمپنی کنگ فشر ائیر لائنز میں مالی بےضابطگیوں کے الزامات ہیں۔

وجے مالیا کی کرکٹ اور گاڑیوں کی دوڑ میں بھی خاصی دلچسپی ہے۔

وہ بینکوں کے 600 ملین پاؤنڈ کے مقروض ہیں لیکن وہ اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ انھوں نے کوئی غلط کام کیا ہے۔

انھوں نے کنگ فشر کے نام سے بیئر کے کاروبار سے دولت کمائی جس کے بعد انھوں نے فارمولا ون اورایئرلائن کے کاروبار میں بھی سرمایہ کاری کی۔

وہ ایف ون ٹیم فورس انڈیا کے شریک مالک ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ وہ انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم رائل چیلینجرز بینگلور کے بھی مالک ہیں۔

وجے مالیا کی فضائی کمپنی سنہ 2012 میں بند ہوگئی تھی۔

پانچ سال کی لگاتار مالی خسارے کے بعد بینکوں نے انہیں مزید قرض دینا بند کر دیا تھا۔

گذشتہ برس مارچ میں برطانوی مشروبات کی کمپنی ڈیاگو نے ان کا 75 ملین ڈالر کا ایک چیک روک دیا تھا کیونکہ جن بینکوں کے وہ مقروض تھے انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ یہ رقم ان کے قرض اتارنے کے لیے استعمال کی جائے۔

گذشتہ برس اپریل میں انڈیا نے وجے مالیا کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا تھا اور اس سے اگلے ماہ برطانیہ سے ان کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔