آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
صدر ٹرمپ کی فلسطینی صدر محمود عباس کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین کے صدر محمود عباس کو جلد ہی وائٹ ہاؤس کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔
جمعے کو امریکی صدر نے اپنے فلسطینی ہم منصب سے ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت میں انھیں دورے کی دعوت دی۔
صدر ٹرمپ کے ترجمان شان سپائسر نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر نے فلسطینی صدر کو بہت جلد ہی وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صدر محمود عباس کے ترجمان کے مطابق امریکی صدر نے فلسطینی صدر سے بات چیت میں کہا کہ وہ امن بات چیت کو دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات اپریل 2014 میں منقطع ہوئے تھے۔
صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار فلسطینی صدر سے رابطہ کیا ہے جبکہ اس سے پہلے فروری میں وہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو کی میزبانی کر چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران صدر ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل اور فلسطین کے تنازعے کے حل کے لیے اس دیرینہ امریکی پالیسی پر اصرار نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت 'دو ریاستی حل' پر زور دیا جاتا تھا۔
اس پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسرائیل اور فلسطین کے تنازعے کے دو ریاستی حل کو ترک کرنے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا کوئی دوسرا حل نہیں ہے جبکہ فلسطینی نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ صدر ٹرمپ کے دور میں امریکی پالیسی کا زیادہ جھکاؤ اسرائیل کی جانب ہو جائے گا۔
فلسطینی حکام نے جمعے کو ٹیلی فون پر ہونے والے رابطے سے پہلے کہا تھا کہ صدر محمود عباس امریکی صدر پر مقبوضہ علاقے پر اسرائیلی بستیوں کے مسئلے اور دو ریاستوں پر مبنی حل کی اہمیت پر زور دیں گیے۔
اس سے پہلے جمعرات کو ہی امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل کے لیے نامزد متنازع امریکی سفیر کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
امریکی سفیر ڈیوڈ فرائیڈمین امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کے حق میں ہیں۔فلسطینی مشرقی یروشلم کو اپنی ریاست کا دارالخلافہ قرار دیتے ہیں جب کہ اسرائیل پورے یروشلم کو اپنا دارالخلافہ قرار دیتا ہے۔