آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
امریکہ: اوبر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کی تفتیش کرے گا
امریکہ میں ٹیکسی سروسز فراہم کرنے والی کمپنی اوبر کا کنا ہے کہ ملازمین کے ساتھ جنسی طور پر مبینہ ہراساں کرنے کے الزامات کی ہنگامی طور پر تفتیش کرے گی۔
اوبر میں کام کرنے والی ایک سابق انجینيئر سوزین فاؤلر نے ایک بلاگ میں لکھا تھا کہ جب وہ اوبر میں کام کرتی تھیں تو انھیں کئی بار جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اوبر کے سربراہ ٹریوز کیلنک نے کہا کہ سوزین فاؤلر نے جو تفصیلات بیان کی ہیں وہ انتہائی افسوس ناک ہیں اور ان تمام اصولوں اور اقدار کے منافی ہیں جن پر کمپنی یقین اور عمل کرتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’جو کوئی بھی اس طرح سوچتا ہے یا ایسا کام کرتا ہے اسے ملازمت سے نکال دیا جائے گا۔‘
کمپنی کو اس سے پہلے بھی اس طرح کے الزامات کاسامنا رہا ہے کہ اس کی خاتون ملازمین کے ساتھ اچھا رویہ نہیں برتا جاتا۔
سوزین فائلر کے مطابق نوکری کے ابتدائی دنوں میں ہی ان کے مینیجر نے ان سے کہا کہ وہ ان کے ساتھ ہم بستر ہونا چاہتے ہیں۔ جب انھوں نے اس کی شکایت کی تو انھیں بتایا گیا کہ کوئی مزید کارروائی نہیں کی جائے گی کیونکہ مینیجر کی یہ ’پہلی غلطی‘ تھی۔
انھوں نے اس کے علاوہ بھی بہت سے واقعات کا ذکر کیا ہے۔ ان کا دعوی ہے کہ کمپنی میں خاتون ملازمین کی تعداد بہت کم ہوگئی ہے۔ اوبر کے جانب سے ملازمین کے رنگ، نسل، اور جنس وغیرہ سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی جاتیں ہیں۔
مسٹر کلینک کا کہنا ہے کہ یہ الزمات پہلی مرتبہ ان کے علم میں آئے ہیں اور اس کی فوری طور پر تفتیش کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان کے مطابق اوبر میں اس طرح کے رویے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن انٹرنیٹ پر سوزین فاؤلر کا بلاگ پڑھ کر بہت سے لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ سیلیکون ویلی میں بھی خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔
بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ سوزین فاؤلر کے الزامات اوبر کے بارے میں تھے لیکن ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی دیگر خواتین بھی اس طرح کے تجربات کا سامنا کرچکی ہیں۔