امریکہ میں طوفان کے باعث کم از کم 18 افراد ہلاک

امریکہ میں ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست جارجیا میں خراب موسمی حالات کے نتیجے میں 18 کم از کم افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ریاست جارجیا کے گورنر نیتھن ڈیل کا کہنا ہے کہ ریاست کے چار علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

قومی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ جارجیا اور فلوریڈا میں مزید طوفان اور ’ٹورنیڈو‘ کا امکان ہے۔

دوسری جانب سنیچر کو میسیسپی میں آنے والے طوفان کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

جارجیا ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ جارجیا میں ہلاک ہونے والے 14 افراد کا تعلق جنوبی کک، بروکس اور بیرن کے علاقوں میں سے تھا جبکہ چار افراد میسیسیپی میں سنیچر کو ہلاک ہوئے۔

ان میں سے سات افراد کک علاقے میں ایک عارضی مکان میں رہائیش پذیر تھے جب طوفان ان کے مکان سے ٹکرایا۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں وہیں ہوئی ہیں۔

کک کاؤنٹی میں موت کے تفتیش کار ٹم پروس نے کہا ہے کہ بہت سے موبائل یا عارضی مکانات زمیں بوس ہو گئے ہیں۔ یہ مکانات ایڈل شہر کے پاس ایک پارک میں قائم کیے گئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ایمرجنسی ٹیم ابھی بھی زندہ افراد کی تلاش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس پارک میں تقریبا 40 مکانات تھے جن میں سے تقریبا نصف برباد ہو گئے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر گورنر نیتھن ڈیل کے ساتھ بات چیت میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بروکس کاؤنٹی میں کورونر یا میں موت کے تفتیش کار مائکل ملر نے کہا ہے دو افراد طوفان کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے ہیں جب ایک عارضی مکان کو ہوا 100 گز دور اڑا کر لے گئی۔

جنوبی مسیسیپی میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں اور وہاں طوفان کا زور 218 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بھی زیادہ تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہاں 50 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اور تقریبا 500 گھر تباہ ہو گئے ہیں۔