آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
امریکی ریاست فلوریڈا کے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ میتھیو طوفان کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں
میتھیو نامی طوفان نے ہیتی کے کچھ علاقوں تباہ کرنے کے بعد جب بہاما پر اپنا قہر ڈھایا تو فلوریڈا کے عوام کو خبردار کر دیا گیا کہ وہ بھی تیار رہیں۔
ریاست کے گورنر کا کہنا ہے کہ اس طوفان سے زبردست تباہی ہو سکتی ہے ساحلی علاقے خالی کرانے کا حکم دیدیا گیا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ میتھیو نام کے اس طوفان میں 205 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور اس میں شدت آنے کا امکان ہے اور جلدی ہی یہ فلوریڈا کو اپنی زد میں لے لے گا۔
یہ طوفان پورے کیربین کو تباہ کر چکا ہے اور ہیتی میں سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے جہاں کم از کم بائیس افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔
طوفان کی وجہ سے صدارتی انتخابات بھی ملتوی کر دییئے گئے ہیں۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان جمعرات کی شب بہاماس جزیرے سے گزرے گا اور فلوریڈا کے شمالی ساحل کے بہت نزدیک آ جائے گا۔
فلوریڈا کے گورنر رِک سکاٹ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہماری ریاست میں سب کو اس طوفان کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہونا چاہیے کیونکہ اگر میتھیو طوفان کے سیدھے فلوریڈا کا رخ کیا تو تباہی بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔