آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شام: دولتِ اسلامیہ کے خلاف لڑائی میں 14 ترک فوجی ہلاک
ترکی میں فوج کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز شام میں دولتِ اسلامیہ سے لڑتے ہوئے ترکی کے 14 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ ہلاکتیں الباب کے قصبے میں ہوئیں، جسے ترک فوج دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے چھڑانے میں بشارالاسد مخالف باغیوں کی مدد کر رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ان جھڑپوں میں 33 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
شامی آپریشن کے آغاز سے کسی ایک دن میں ترک فوجیوں کی ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ ترکی نے شام میں اپنا فوجی آپریشن اس سال اگست میں شروع کیا تھا۔
ترکی کی فوج کا کہنا ہے کہ دولتِ اسلامیہ نے متعدد خودکش بمباروں کا استعمال کیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے دولتِ اسلامیہ کے 138 جنگجو بھی مارے ہیں تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
ادھر شام میں اہم محاذ حلب مکمل طور پر حکومتی فوج کے کنٹرول میں آنے کے قریب معلوم ہوتا ہے۔
الباب کا قصبہ شام اور ترکی کی سرحد سے تقریباً 20 کلومیٹر دور ہے اور ترک آپریشن کی توجہ اسی مقام پر مرکوز رہی ہے۔
بی بی سی کے مشرقِ وسطیٰ کے امور کے تجزیہ کار سیبیسٹیئن عشر کا کہنا ہے کہ ترک فوج نے دولتِ اسلامیہ کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور وہ الباب سے دولتِ اسلامیہ کو نکالنے میں کامیابی کے قریب ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا مزید کہنا ہے کہ تاہم یہ سوال ابھی باقی ہے کہ ترکی شام کے اندر کس حد تک علاقے میں مداخلت کرنا چاہتا ہے اور کیا ترکی شام میں دولتِ اسلامیہ کے اہم ترین مرکز رقہ کا کنٹرول حاصل کرنے میں شامی حکومت کے ساتھ مل کر کوئی کردار ادا کرے گا یا نہیں۔