جاپانی وزیر اعظم امریکی نیول اڈے پرل ہاربر کا دورہ کریں گے

امریکی صدر براک اوباما کے ہیرو شیما کا دورہ کرنے کے بعد جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے 27 دسمبر کو امریکی نیول اڈے پرل ہاربر کا دورہ کریں گے۔

جاپانی فوج نے1941 میں ہوائی میں امریکی نیول اڈے پر اچانک حملہ کر کے 2300 امریکی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ یہ پرل ہاربر پر جاپانی حملہ ہی تھا جس نے امریکہ کو دوسری جنگ عظیم میں شامل ہونے پر مجبور کیا۔

صدر براک اوباما جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے کے پرل ہاربر کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ ہوں گے۔

صدر براک اوباما پہلے امریکی صدر تھے جنھوں نےدوسری جنگ عظیم میں امریکہ کے ہیروشیما پر ایٹم بم گرانے کے بعد وہاں کا دورہ کیا تھا۔ ہیروشیما پر امریکی ایٹمی حملے میں ڈیڑھ لاکھ شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

جاپانی وزیر اعظم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ پرل ہاربر کا دورہ کرکے اس عزم کا اظہار کرنا چاہیں گے کہ ہمیں جنگ کے سانحے کو دہرانا نہیں چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا ’کہ میں اسی موقع پر امریکہ اور جاپان میں مصالحت کا پیغام دینا چاہتا ہوں۔‘

پرل ہاربر کے دورے کے بعد ریاست ہوائی میں امریکی صدر اور جاپانی وزیر اعظم کی باضابطہ ملاقات ہو گی۔ امریکی صدر براک اوباما کی ولادت بھی ریاست ہوائی میں ہوئی تھی۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک پیغام میں کہا گیا کہ پرل ہاربر کا دورہ اس عزم کا اعادہ ہے کہ کیسے ماضی کے حریف اپنے مشترکہ مفادات اور باہمی قدروں کی طاقت سے قریبی اتحادی بن چکے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں مزید کہا گیا کہ پرل ہاربر کا دورہ ’دنیا پر مصالحت کی طاقت کو اجاگر کرے گا۔‘