آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
70 فیصد وفاقی قواعد و ضوابط کو ختم کر دوں گا: ٹرمپ
امریکی رپبلکن جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اگر صدر منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ 70 فیصد وفاقی قواعد و ضوابط کو ختم کر دیں گے۔
امریکی ریاست نیو ہیمپشائر میں بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کاروبار میں رکاوٹوں کا ذمہ دار وفاقی قواعد و ضوابط کو ٹھہرایا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ سیفٹی اور ماحولیات کے حوالے سے وفاقی قواعد و ضوابط کو ختم نہیں کریں گے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک مشیر نے کہا تھا کہ 10 فیصد قواعد و ضوابط ختم کیے جا سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ جماعت کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کے مابین اگلا ٹی وی مناظرہ اتوار کو مزوری میں ہو گا۔
ہیمپشائر میں بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ’ہم وفاقی قواعد و ضوابط کم کریں گے۔ میرے خیال میں 70 فیصد قواعد و ضوابط کو ختم کیا جا سکتا ہے کیونکہ یہ کاروبار کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔‘
ٹرمپ کی مہم کے مشیر نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا ٹرمپ انتظامیہ وفاقی قواعد و ضوابط میں کمی لائے گی۔
’قواعد و ضوابط کی ضرورت ہے لیکن فوری طور پر ہر ایجنسی سے کہا جائے گا کہ وہ ان قواعد و ضوابط کی اہمیت کے حوالے سے مطلع کریں اور سب سے کم اہمیت کے حامل 10 فیصد قواعد و ضوابط کو ہم ختم کر دیں گے۔‘
انھوں نے کہا کہ ٹرمپ بینکنگ اصلاحات میں تبدیلی لائیں گے اور ان میں سے ان کو ہٹائیں گے جو کاروبار کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی