آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
معروف لوگوں کے ہیروں کی چوری کے بعد فروخت کیسے ممکن؟
تین روز قبل پیرس میں ایک پرتعیش رہائش گاہ میں مقیم امریکی ٹی وی سٹار اور معروف ماڈل کم کارڈیشیئن کو دو نامعلوم مسلح افراد نے بندوق کے زور پر لُوٹ لیا۔
کم کارڈیشیئن کے جو زیورات لوُٹے گئے ان کی مالیت اندازاً ایک کروڑ ڈالر ہے جن میں ان کی وہ ہیرے کی انگوٹھی بھی شامل ہے جس کی مالیت 40 لاکھ ڈالر بتائی جاتی ہے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ دنیا کے معروف ترین افراد کی ملکیت میں رہنے والے ہیروں کو بیچنا کس قدر آسان ہے؟
لندن کے علاقے ہیٹن گارڈن سے تعلق رکھنے والے نیل ڈسٹن کا شمار ہیروں کے بڑے تاجروں میں ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے جواہرات جن کی قیمت لاکھوں یورو ہو، ان پر عموماً لیزر سے نشان کندہ کیا جاتا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ لیزر کے ذریعے پتھر پر لگایا جانے والا نشان بظاہر دکھائی نہیں دیتا تاہم یہ فول پروف بھی نہیں ہوتا۔
ان کے مطابق 'اس نشان کو ختم کیا جا سکتا ہے لیکن یہ کرنے والا جانتا ہے کہ وہ کر کیا رہا ہے؟'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا ہے کہ 40 لاکھ ڈالر کی مالیت کا ہیرا مارکیٹ کی توجہ حاصل کر سکتا ہے اس لیے زیادہ امکان یہی ہے کہ اس کے چھوٹے ٹکڑے کر دیے جائیں گے۔
اگرچہ اس سے ہیرے کی مجموعی قدر میں تو کمی آئے گی تاہم اس سے کئی ناقابلِ شناخت ہیرے بن جائیں گے۔
ڈائمنڈ سکیورٹی کمپنی سیفر جیمز سے منسلک انٹیلیجنس افسر لی ہینڈرسن کا کہنا ہے کہ پتھر کو شاید پہلے ایسے لوگوں کے پاس لے جایا گیا جو یہ سب پہلے سے جانتے تھے۔
فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ مخصوص قسم کے ہیروں کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دیکھنے کے بعد نشانہ بنایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق کم کارڈیشیئن نے ڈاکے سے فقط تین دن پہلے ہی اپنی تصویر ٹوئٹر پر لگائی تھی جس میں ان کی انگوٹھی میں ایک بڑا ہیرا دکھائی دے رہا تھا۔
یہ انگوٹھی ان کے شوہر اور امریکی گلوکار کینے ویسٹ نے انھیں تحفے کے طور پر دی تھی۔