عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 | | | جے سوریا نے اپنی اننگز میں پانچ چھکے لگائے |
ایشیا کپ کے فائنل میں دو سو چوہتر رن کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بلے باز ایک سو ستتر پر آؤٹ ہو گئے۔ میچ کی خاص بات سری لنکا کے بالر مینڈس کی کارکردگی تھی جنہوں نے آٹھ اوورمیں تیرہ رن دے کر چھ کھلاڑی آؤٹ کیے۔ انڈیا کی طرف سے وریندر سہواگ نے ساٹھ اور مہندر سنگھ دھونی نے انچاس رن بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی جم کر نے کھیل سکا۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور دفاعی چیمپئن سری لنکا کی پوری ٹیم پچاسویں اوور میں دو سو تہتر رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے جے سوریا اور دلشان تلکا رتنے کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑا سکور کرنے میں ناکام رہا۔ سنتھ جے سوریا نے اپنی شاندار سنچری نو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے اکیاسی گیندوں پر مکمل کی اور وہ ایک سو پچیس رن بنا کر وریندر سہواگ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں جے سوریا کی دوسری اور ون ڈے کیرئر میں ستائیسویں سنچری تھی اور اس سنچری کی مدد سے وہ سچن تندولکر کی 42 سنچریوں کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل مں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے تلکا رتنے دلشان نے بھی چھپن رن کی عمدہ اننگز کھیلی۔بھارتی بالروں میں سے ایشانت شرما اور ردرا پرتاپ سنگھ نے تین، تین، عرفان پٹھان نے دو جبکہ وریندر سہواگ نے ایک وکٹ حاصل کی۔  | | | بھارت کی جانب سے ایشانت شرما نے تین وکٹیں لی ہیں |
یاد رہے کہ یہ پانچواں موقع ہے جب بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں ایشیا کپ کے فیصلہ کن مقابلے میں مدمقابل ہیں۔ فائنل میں سری لنکا کی ٹیم میں فاسٹ بولر چمندا واس اور منفرد انداز کے سپنر اجانتھا مینڈس کی واپسی ہوئی ہے جبکہ بھارت نے پروین کمار کی جگہ رابن اتھپا کو کھلایا ہے۔ سری لنکا کی ٹیم: مہیلا جے وردھنے ( کپتان)، کمار سنگاکارا، سنتھ جے سوریا، چمارا سلوا، تلکارتنے دلشان، چمارا کاپوگدیرا، تھلان توشارا، نوآن کولاسکیرا، اجانتھا مینڈس، چمندا واس اور متھایا مرلی دھرن۔ بھارتی ٹیم:مہندر سنگھ دھونی ( کپتان)، گوتم گمبھیر، وریندر سہواگ، سریش رائنا، یوراج سنگھ، روہت شرما، رابن اتھپا، ایشانت شرما، آر پی سنگھ، عرفان پٹھان اور پرگیان اوجھا۔ |