کینیڈین ٹیم کے ایشیائی کھلاڑی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کینیڈا میں پاکستانی اور بھارتی تارکین وطن کی آبادی میں اضافے کے ساتھ کرکٹ کا کھیل بھی ترقی کر رہا ہے۔ اس کھیل کو بھارتی اور پاکستانی نژاد کھلاڑیوں نے ایک نئی زندگی بخشی ہے۔ کرکٹ کے عالمی کپ میں شرکت کے لیے جانے والی کینیڈین ٹیم بھی اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اس میں شامل پندرہ کھلاڑیوں میں سے نو بھارتی یا پاکستانی نژاد ہیں۔ اس سال عالمی کرکٹ کپ میں شمولیت کرنے والی کینیڈین ٹیم میں پانچ ہندوستانی اور دو پاکستانی نژاد کینیڈین کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ دو ریزرو کھلاڑی بھی بھارتی نژاد کینیڈین شہری ہیں۔ کینیڈین کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر بین سینک کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب ان کے کھیل کے معیار اور ان کی ضرورت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ آسٹریلوی نژاد کینیڈین شہری جان ڈیوسن کو کینیڈا کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے راؤنڈ میں پہچنے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔
نائب کپتانی کی ذمہ داری بھارتی نژاد اشیش باگائی کو سونپی گئی ہے۔ پچیس سالہ اشیش باگائی بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے۔ انٹاریو کے علاقے رچمنڈ ہل کے رہائشی اشیش باگائی دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرتے ہیں۔ باگائی پیشے کے اعتبار سے بینکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پیشے کو ایک سال کے لیے خیر باد کہہ کر صرف کرکٹ کھیلنے کینیڈا واپس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کو ورلڈ کپ کے دوران اچھی کارکردگی کا موقع ملا تو وہ کچھ عرصہ واپس اپنی نوکری پر نہیں جائیں گے بلکہ کرکٹ کو زیادہ وقت دیں گے۔ باگائی نائب کپتانی کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپر کے فرائض بھی سرانجام دیں گے۔ حال ہی میں منعقدہ ورلڈ کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کے دوران باگائی کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا تھا۔ باگائی نے اس ٹورنامنٹ میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری بنائی تھی۔
کینیڈین ٹیم کے کوچ اینڈی پک نے ورلڈ کپ کے لیے روانگی سے قبل ٹورنٹو ائرپورٹ پر ایک خصوصی ملاقات کے دوران بتایا کہ کینیڈین ٹیم میں زیادہ کھلاڑیوں کا تعلق ان ممالک سے ھے جہاں کرکٹ کا کھیل بہت مقبول ہے اور یہی وجہ ھے کہ کینیڈا میں پاکستانی اور بھارتی نژاد شہریوں نے اپنی بھرپور محنت کے بل بوتے پر کرکٹ کے نظرانداز کیے جانے والے کھیل کو ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں کر دیا ہے۔ پاکستان کے شہر راولپنڈی میں پیدا ہونے والے قیصر علی کینیڈا کے فرانسیسی صوبے کیوبک کے شہر مانٹریال میں رہائش پذیر ہیں۔ قیصر سن دو ہزار پانچ سے کینیڈا کی قومی ٹیم میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھرپور محنت کریں گے اور کینیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے خلاف بھرپور کاکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ کینیڈین ٹیم میں لاھور میں پیدا ہونے والے عمر بھٹی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔عمر بھٹی ماضی میں جونیئر عالمی کپ میں کینیڈین ٹیم کی کپتانی بھی کر چکے ہیں۔ عمر لیفٹ آرم فاسٹ بولر ہیں اور بیٹنگ بھی بائیں ہاتھ سے کرتے ہیں۔ عمر بھٹی ٹورانٹو میں سینیکا کالج میں انٹرنیشنل بزنس کے طالبعلم ہیں۔ عمر بھٹی کو ان کی تیز رفتار بالنگ کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے اور انہیں ٹورنٹو کا وسیم اکرم بھی کہا جاتا ہے۔
کینیڈا کی کرکٹ ٹیم میں خاموش طبع کھلاڑی آصف ملا سن انیس سو ننانوے میں کینیڈا آئے تھے اور اگلے ہی برس وہ کینیڈا کی قومی ٹیم میں شامل ہوگئے۔ کینیڈین ٹیم کیریبین ممالک میں ورلڈ کپ سے پہلے کچھ وارم اپ میچز بھی کھیلے گی جبکہ ورلڈ کپ میں کینیڈین ٹیم کا پہلا میچ چودہ مارچ کو کینیا کے خلاف سینٹ لوشیا میں ہو گا۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||