کراچی ون ڈے پروگرام کے مطابق | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈیوڈ مورگن نے کہا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پندرہ دسمبر کو کراچی میں ہونے والا ون ڈے انٹرنیشنل طے شدہ پروگرام کے تحت کھیلا جائے گا تاہم انہوں نے یہ بات بھی واضح کر دی ہے کہ چونکہ ابھی کافی دن باقی ہیں لہذا صورتحال کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ پندرہ نومبر کو کراچی میں ہونے والے کار بم دھماکے کے بعد کراچی ون ڈے کے انعقاد پر شکوک وشبہات کے بادل منڈلانے لگے تھے۔ ڈیوڈ مورگن نے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر لاہور ٹیسٹ دیکھنے آئے ہوئے ہیں قذافی اسٹیڈیم میں اپنے ہم منصب شہریارخان کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے پاکستان پہنچتے ہی انگلش ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ بات کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ہم کراچی میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کا وعدہ پورا کریں گے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ سکیورٹی کے معاملات کو ذہن میں رکھتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا جاتا رہے گا جو اس وقت معمول کے مطابق ہیں۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ پہلے ہی کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے۔ پاکستان کے اس جنوبی شہر میں مئی 2002 میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں فرانسیسی انجینئرز کی ہلاکت کے واقعے کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم دورہ ختم کر کے چلی گئی تھی جس کے بعد سے غیرملکی ٹیمیں کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کرتی رہی ہیں۔ | اسی بارے میں ’کراچی ون ڈے کو خطرہ نہیں‘26 November, 2005 | کھیل کراچی دھماکہ، برطانوی تشویش15 November, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||