ایشیا کپ، بنگلہ دیش کی جیت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ویک اینڈ کرکٹ کھیلنے والے ہانگ کانگ کے کھلاڑی جمعہ کو انٹرنیشنل کرکٹ سے آشنا ہوئے تو انہیں دونوں انداز کی کرکٹ کا بخوبی اندازہ ہوگیا ہوگا۔کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں نتجربہ کاری ہی بنگلہ دیش کے خلاف ان کی116 رنز سے شکست کا سبب بنی۔ یہ بنگلہ دیش کی89 ون ڈے انٹرنیشنل میں پانچویں اور سب سے بڑی کامیابی ہے۔ ایشیا کپ کے پہلے میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ دی۔ بنگلہ دیش نے مقررہ50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر221 رنز بنائے جس میں اوپنر جاوید عمر68 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان حبیب البشر نے32 رنز اسکور کئے۔ ہانگ کانگ کی طرف سے آف اسپنر الیاس گل تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے۔ جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنوانے کے بعد بیالیس اوورز میں 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے عبدالرزاق تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر ثابت ہوئے۔مشفق الرحمن، خالدمحمود اور محمد رفیق نے دو دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ جاوید عمر کو ان کی عمدہ اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یہ ہانگ کانگ کے پاس اپنی حریف ٹیم کو چونکانے کا اچھا موقع تھا۔ایک مرحلے پر بنگلہ دیش کے پانچ بیٹسمین145 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے لیکن ہانگ کانگ کے کپتان راہول شرما نے بنگلہ دیشی ٹیم پر دباؤ بڑھانے کے بجائِے اسے آخری پندرہ اوورز میں76 رنز بنانے کا موقع دے دیا۔ وہ اپنے تیز بالر افضال حیدر کو سات اوورز کے متاثرکن اسپیل کے بعد اننگز کے آخری اوور میں بالنگ کے لئے دوبارہ لے آئے۔ افضال حیدر نے اپنے تیسرے اوور میں اشرفل کی وکٹ حاصل کی تھی اور اس کے بعد بھی انہوں نے بیٹسمینوں کو آسانی سے کھیلنے نہیں دیا۔ ہانگ کانگ کے کوچ رابن سنگھ کو اپنے بیٹسمینوں کو یہ بنیادی بات سمجھانی ہوگی کہ ایک روزہ کرکٹ میں جب تک وہ سنگل رن لینے کی عادت نہیں ڈالیں گے اس وقت تک وہ حریف بولنگ کو پریشان نہیں کرسکیں گے صرف وکٹ پر ٹھہرنے سے بات نہیں بنے گی۔ہانگ کانگ کی اننگز میں کوئی بھی بیٹسمین متاثر کن بیٹنگ نہیں کرسکا۔ ہانگ کانگ کی ٹیم کو اتوار کو اگلے میچ میں پاکستان کی مضبوط بیٹنگ اور بولنگ لائن اپ کا سامنا کرنا ہے جو ان کے لئے یقیناً آگ کا دریا پار کرنے کے برابر ہوگا۔ پاکستان ٹیم ایشیا کپ ٹائٹل کے دفاع کی پیش قدمی ہفتے کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے شروع کرے گی ۔ کپتان انضمام الحق نئے کوچ باب وولمر کی نگرانی میں جاری ٹیم کی ٹریننگ سے مکمل مطمئن ہیں۔ کولمبو آنے کے بعد سے ان سے شعیب اختر کے ساتھ اختلافات کے بارے میں مسلسل سوالات کیے گئے ہیں جن کا جواب وہ صرف یہی دیتے ہیں کہ ٹیم میں کوئی اختلاف نہیں اور وہ ایشیا کپ جیتنے کے لئے تیار ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||