ہاکی: پاکستان سیمی فائنل میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی قومی جونیئرہاکی ٹیم پانچویں جونیئر ایشیاکپ کے سیمی فائنل میں ملائشیا کے مقابل ہوگی۔ دوسرا سیمی فائنل عالمی جونیئر چیمپئن بھارت اور ایشیا کپ کی دفاعی چیمپئن جنوبی کوریاکے درمیان کھیلا جائے گا۔ کراچی کے ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کی نئی آسٹروٹرف پر پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے آخری لیگ میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن جنوبی کوریا کو3 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست دیدی۔ تیز رفتاری سے ہونے والے اس خوبصورت میچ میں ہاکی کا اعلیٰ معیار دیکھنے میں آیا جنوبی کوریا کی ٹیم نے نہ صرف ایک گول کی سبقت حاصل کی بلکہ دو مرتبہ پاکستان کی برتری ختم کی لیکن اس کے بعد صرف دس منٹ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کھیل سے حریف ٹیم کو جو اپنی فٹنس کےلئے شہرت رکھتی ہے آؤٹ کلاس کردیا۔ پاکستان کی اس کامیابی میں پنالٹی کارنر پر گول کرنے کے لئے مشہور عمران وارثی اور فارورڈ عدنان ذاکر کے دو دو گول شامل تھے۔ اپنے گروپ میں بارہ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہ کر پاکستان ٹیم اب سیمی فائنل میں ملائشیا سے کھیلے گی جسے آخری گروپ میچ میں عالمی جونیئر چیمپئن بھارت نے دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرادیا جس میں پنالٹی کارنر ایکسپرٹ سندیپ سنگھ کے دو گول بھی شامل تھے جس کے بعد ان کے گول کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ پاکستان اور ملائشیا کے برعکس بھارت اور جنوبی کوریا کے درمیان سیمی فائنل زیادہ سخت اور دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||