مُرلی کے ’دوسرے‘ پر شکایت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے تصدیق کی ہے کہ مُرلی تھرن کے بالنگ ایکشن کے خلاف شکایت کی گئی ہے۔ مُرلی کے خلاف تازہ ترین شکایت سری لنکا میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد میچ ریفری کرِس براڈ نے کی۔ اس شکایت کا موضوع مُرلی کا نیا ہتھیار ان کی وہ بال ہے جس کو ’دوسرا‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بال مُرلی آف بریک کے ایکشن سے کراتے ہیں لیکن وہ سپِن ہو کر مخالف سمت میں جاتی ہے۔
اس پہلے بین الاقوامی کرکٹ کونسل ایک بار مُرلی کے ایک ایکشن کے خلاف شکایت مسترد کر چکی ہے۔ مُرلی کے خلاف پہلی بار شکایت انیس سو پچانوے میں ہوئی تھی جب آسٹریلیا ڈیرل ہیر نے ان پر بال کرواتے ہوئے پورا بازو گھُمانے کی بجائے بال پھینکنے کا الزام لگایا تھا۔ اس کے انیس سو اٹھانوے میں ان کے خلاف اسٹریلیا ہی میں پھر شکایت کی گئی تھی اور اس موقع پر ٹیم کے کپتان رانا ٹونگا احتجاجً ٹیم لے کر میدان سے باہر چلےگئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد مُرلی تھرن کا طبی معائنہ کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کا بازو خراب ہےاور وہ سیدھا نہیں ہو سکتا۔ تازہ ترین شکایت کے بعد سری لنکا کا کرکٹ بورڈ چھ ہفتے کے اندر مُرلی کے ایکشن کا جائزہ لے کر کرکٹ کونسل کو رپورٹ دے گا۔ اس کے بعد اگر بارہ ماہ کے اندر ان کے خلاف پھر شکایت کی گئی تو بین الاقوامی کرکٹ کونسل ان کے ایکشن کو پرکھے گی۔ مُرلی تھرن پانچ سو تیرہ وکٹوں کے ساتھ اس وقت ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹوں کے عالمی ریکارڈ سےصرف سات وکٹوں کے فاصلے پر ہیں۔ سری لنکا کی ٹیم اپریل کے وسط میں زمبابوے کا دورہ کر رہی ہے۔ مُرلی کی اس دورے میں شرکت پر پابندی نہیں ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||