| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
اولمِپکس کی بولیاں
دو ہزار بارہ کے اولمپِک کھیل منعقد کرانے کے لئے نو شہروں نے اپنی کوششوں کا آغاز کیا ہے۔ پیرِس کو فیورٹ تصور کیا جا رہا ہے اور اس کی طرف سے اولمپِک کھیل منعقد کرانے کی کوششوں کا آغاز آئفل ٹاور پر ایک شاندار تقریب کے ساتھ کیا گیا۔ دو ہزار آٹھ کی کھیلوں کے لئے پیرس پر بیئجنگ کو ترجیح دی گئی اور انیس سو بانوے کے لئے بھی اس کی کوشش ناکام ہو گئی تھی تاہم اس بار کہا جا رہا ہے کی جیت پیرِس کی ہی ہوگی۔
لندن اور ماسکو کی طرف سے بھی بولیوں کا آغاز ہوا ہے اور توقع ہے کہ میڈرِڈ، نیو یارک، استنبول، لیئپزِگ، ریو ڈی جنیرو اور ہوانا کی طرف سے بھی میزبانی حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پیرِس میں انیس سو اٹھانوے کا فٹ بال ورلڈ کپ منعقد کیا گیا تھا اور شہر اپنی مہم میں اسی ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے سٹیڈ دی فرانس کو مرکزی کشش کے طور پر پیش کرے گا۔ کھیلوں کے لئے درکار بتیس میں سے آٹھ میدان پہلے ہی تعمیر کئے جا چکے ہیں۔ پیرس کھیل منعقد کرانے کی دوڑ میں لندن کا اہم حریف ہے۔ فرانس کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بولی پر ڈھائی کروڑ ڈالر خرچ کر رہاہے جبکہ کھیلوں پر سات ارب ڈالر کا خرچہ آنے کی توقع ہے۔ پیرِس میں سن انیس سو اور انیس سو چوبیس میں اولمپِک منعقد کئے گئے تھے۔ انیس سو چوبیس کے کھیلوں میں فنلینڈ کے کھلاڑی پاوو نرمی نے دوڑوں کے مقابلوں میں پانچ سونے کے تمغے جیتے تھے۔ ایک سو پچیس اراکین پر مشتمِل بین الاقوامی اولمپِک کمیٹی کی ووٹنگ چھ جولائی، دو ہزار پانچ کو سنگاپور میں ہوگی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||