| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
مصری کھلاڑی امرشبانہ فائنل میں
پاکستان میں کھیلے جانے والے عالمی اوپن سکواش میں عالمی نمبرگیارہ اور ٹورنامنٹ کے نویں سیڈ مصر کے امر شبانہ فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ پری کوارٹر راؤنڈ میں تیسرے سیڈ اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے ڈیوڈ پالمر کو حیران کن شکست دینے والے مصری کھلاڑی امر شبانہ نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا اور سیمی فائنل میں ہم وطن کھلاڑی کریم درویش کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی۔ دوسرا سیمی فائنل یک طرفہ رہا جس میں چوتھے سیڈ فرانس کے تھیاری لنکو نے آسٹریلیا کے جوزف کنیپ کو تین سیدھےگیمز میں شکست دی۔ جوزف جنہوں نے کواٹر فائنل میں برطانیہ کے لی بچل کو شکست دی تھی سیمی فائنل میں کواٹر فائنل جیسے کھیل کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔ یہ میچ جیت کر تھیاری لنکو عالمی رینکِنگ میں پانچویں نمبر سے چھلانگ لگا کر سیدھے عالمی نمبر ایک کی پوویشن پر براجمان ہوگئے ہیں اور اب اتوار کو ہونے والے فائنل کے فیصلے کا ان کی اس پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ تھیاری لنکو جیت پر بہت خوش تھے اور انہوں نے کہا کہ انہیں عالمی نمبر ایک بننے سے زیادہ عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے کی فکر ہے اور ’اس وقت میری توجہ کل کی جیت پر مرکوز رہے گی۔‘
مصری کھلاڑی امر شبانہ نے پری کواٹر میں دفاعی چمپئن ڈیوڈ پالمر کو ہرانے کے بعد جمعے کو کوارٹر فائنل میں چھٹے سیڈ آسٹریلیا ہی کےانتھونی رِکٹ کو شکست دی تھی۔ انتھونی کو ہرانے کے بعد امر شبانہ نے بتایا کہ انہوں نے اس ٹورنامنٹ کے لیے بہت محنت کی تھی اور سیمی فائنل میں ان کی یہ محنت پھر دکھائی دی۔ پہلے سیٹ میں کریم درویش نے شروع میں خاصے اچھے ڈراپ شاٹس کھیلے تاہم جلد ہی شبانہ نےگیم پر کنٹرول کر لیا اور نہ صرف پوائنٹس برابر کیے بلکہ یہ گیم پندرہ گیارہ سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں کریم درویش نے کافی اچھے شاٹس کھیلے اور گيم جیت لیا، تاہم ان کی اس جیت میں شبانہ کے تین غلط شاٹس کا بھی ہاتھ تھا۔ تیسرے گیم میں شبانہ نے کوئی غلطی نہیں کی بلکہ ایسے ڈراپ شاٹس کھیلے کہ کریم کے پاس ان کا کوئی توڑ نہیں تھا۔ شبانہ نے یہ گیم آٹھ کے مقابلے پندرہ پوائنٹس سے جیتا۔ چوتھےگیم میں کریم نے میچ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی اور اس گیم میں مقابلہ خاصا کانٹے دار ہوا اور سکواش کورٹ کے چاروں طرف بیٹھے تماشائی بہت لطف اندوز ہوئے۔ شبانہ نے یہ گیم 14/15 سے جیت لیا اور فائنل میں اپنی جگہ بنالی۔ کریم درویش جو اگرچہ اپنی ہار پر خاصے دلبرداشتہ تھے لیکن انہوں نے ہم وطن حریف کے کھیل کی تعریف کی۔ امر شبانہ دوسرے مصری ہیں جو کہ عالمی اوپن سکواش کا فائنل کھیل رہے ہیں۔ ان سے پہلے انیس سو ننانوے میں مصر ہی میں ہونے والے عالمی اوپن میں مصری کھلاڑی احمد برادا فائنل میں پہنچے تھے اور فائنل میں انہیں پیٹر نکل نے شکست دی تھی۔ اتوار کو فائنل مصری کھلاڑی امر شبانہ اور فرانس کے تھیاری لنکو کے درمیان کھیلا جائے گا اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ مقابلہ بہت دلچسپ رہے گا۔ فائنل میں مہمان خصوصی صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف ہیں اور اسی لیے حفاظت کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||