ریو: امریکہ بدستور سرِفہرست، برازیل کے مزید دو طلائی تمغے

برازیل کی مارٹین گریل اور کاہینا کنز نے خواتین کے کشتی رانی کے مقابلوں کا فائنل جیتا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنبرازیل کی مارٹین گریل اور کاہینا کنز نے خواتین کے کشتی رانی کے مقابلوں کا فائنل جیتا

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری اولمپکس میں میزبان ملک نے مزید دو طلائی تمغے حاصل کر کے اولمپکس کی تاریخ میں اپنی بہترین کارکردگی کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔

مقابلوں کے 13ویں دن کے اختتام پر امریکہ 35 طلائی تمغوں سمیت مجموعی طور پر 100 تمغوں کے ساتھ پہلے، برطانیہ 22 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے جبکہ چین 20 طلائی تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

برازیل نے جمعرات کو بیچ والی بال اور کشتی رانی میں طلائی تمغے جیتے جس کے بعد اس کے طلائی تمغوں کی کل تعداد پانچ ہوگئی ہے۔

بیچ والی بال کے فائنل میں برازیل کی مردوں کی ٹیم نے اٹلی کو دو صفر سے شکست دی۔ برازیل نے یہ مقابلہ 19-21 اور 17-21 کے سکور سے جیتا۔

برازیل کی مارٹین گریل اور کاہینا کنز نے خواتین کے کشتی رانی کے مقابلوں کے فائنل میں نیوزی لینڈ کی ایلس مالونی اور مولی میچ کو شکست دی۔

ایتھلیٹکس

ایتھلیٹکس میں جمیکا کے یوسین بولٹ 200 میٹر کی دوڑ میں طلائی تمغہ جیت کر اولمپک مقابلوں میں اس ریس میں تین طلائی تمغے جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

یہ ریو میں بولٹ کا دوسرا جبکہ اولمپک مقابلوں میں مجموعی طور پر ان کا آٹھواں طلائی تمغہ ہے۔

یوسین بولٹ 200 میٹر کی دوڑ میں طلائی تمغہ جیت کر اولمپک مقابلوں میں اس ریس میں تین طلائی تمغے جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنیوسین بولٹ 200 میٹر کی دوڑ میں طلائی تمغہ جیت کر اولمپک مقابلوں میں اس ریس میں تین طلائی تمغے جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

مردوں کی 400 میٹر رکاوٹوں کی ریس میں امریکہ کے کیرون کلیمنٹ نے سونے، کینیا کے بونی فیس نے چاندی اور ترکی کے یاسمانی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

خواتین میں اسی دوڑ میں طلائی تمغہ امریکہ کی ہی ڈیلائلا محمد کو ملا۔ ان کے علاوہ امریکہ کے ایشٹن ایٹن اور رائن کراؤسر نے ڈیکاتھلون اور شاٹ پٹ میں اپنے ملک کو طلائی تمغے دلوائے۔

خواتین کے جیولن تھرو کے مقابلوں میں کروشیا کی سارہ کولک نے طلائی جب کہ جنوبی افریقہ کی سنیتی ولجوین نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

ٹرائیتھلون میں طلائی اور چاندی کے تمغے برطانیہ کے دو بھائیوں کے حصے میں آئے جب الیسٹر براؤنلی نے مقابلے میں پہلی اور جونی براؤنی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

چین کی ڈائیور رین کیان طلائی تمغہ جیت کر ریو اولمپکس کی سب سے کم عمر میڈلسٹ بن گئیں
،تصویر کا کیپشنچین کی ڈائیور رین کیان طلائی تمغہ جیت کر ریو اولمپکس کی سب سے کم عمر میڈلسٹ بن گئیں

ڈائیونگ

چین کی 15 سالہ رین کیان نے خواتین کے دس میٹر ڈائیونگ مقابلوں میں اپنے ملک کے لیے طلائی، جب کہ چین ہی کی یاجی نے چاندی اور کینیڈا کی میگہان بینفیٹو نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

رین کیان یہ طلائی تمغہ جیت کر ریو اولمپکس کی سب سے کم عمر میڈلسٹ بن گئی ہیں۔ انھوں نے یہ کارنامہ 15 سال اور 180 دن کی عمر میں سرانجام دیا۔

کُشتی

کُشتی کے مقابلوں میں امریکہ کی خاتون پہلوان ہیلن لوئیز مارولس نے 53 کلوگرام کے فائنل میں جاپان کی ساؤری یوشیدا کو شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔

ہیلن نے یہ مقابلہ چار ایک سے جیتا اور وہ اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والی پہلے امریکی خاتون پہلوان ہیں۔

یوشیدا 13 مرتبہ عالمی چیمپیئن شپ جیت چکی ہیں اور وہ اس مقابلے میں لگاتار چوتھا اولمپک گولڈ میڈل جیتنے کا ارادہ رکھتی تھیں لیکن ہیلن نے ان کا یہ خواب پورا نہ ہونے دیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty

تائیکوانڈو/باکسنگ/ہاکی

اردن کے احمد ابو غواش نے تائیکوانڈو میں 68 کلوگرام کے مقابلے میں روس کے الیکسی دینیسینکو کو شکست دے کر اپنے ملک کے لیے اولمپکس کی تاریخ میں پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا۔

ادھر تائیکوانڈو مقابلوں میں ہی خواتین کے 57 کلوگرام زمرے میں مصر کی ہادیہ واہبہ کانسی کا تمغہ جیت کر اپنے ملک کے لیے اولمپکس میں تمغہ جیتنے والی دوسری خاتون کھلاڑی بن گئیں۔

مصر کے لیے اولمپکس میں کسی خاتون نے پہلا تمغہ بھی ریو میں ہی جیتا تھا اور یہ تمغہ حاصل کرنے والی ویٹ لفٹر سارہ سمیر تھیں۔

57 کلوگرام زمرے میں خواتین کے مقابلوں میں ہی ایران کی کیمیا علی زادے نے بھی کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ یہ ایران کا ان اولمپکس میں کانسی کا تیسرا اور مجموعی طور پر پانچواں میڈل ہے۔

ارجنٹینا کی ٹیم پہلی مرتبہ ہاکی میں اولمپک چیمپیئن بنی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنارجنٹینا کی ٹیم پہلی مرتبہ ہاکی میں اولمپک چیمپیئن بنی ہے

ریو اولمپکس میں مردوں کے ہاکی کے مقابلوں میں ارجنٹینا نے بیلجیئم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ہاکی میں طلائی تمغہ جیت لیا۔

کیوبا کے باکسر جولیو سیزر نے مردوں کے باکسنگ کے 81 کلوگرام درجہ بندی کے مقابلوں کے فائنل میں قزاقستان کے باکسر عادل بیگ کو شکست دی۔