انڈین بیڈمنٹن کھلاڑی اولمپکس کے سیمی فائنل میں

،تصویر کا ذریعہEPA
ریو میں جاری اولمپکس میں بیڈمنٹن کے مقابلوں میں انڈیا کی 21 سالہ پی وی سندھو نے چین کی عالمی نمبر دو کھلاڑی کو شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔
پی وی سندھو نے وانگ یہان کو منگل کو ہونے والے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں شکست دی۔
چین سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ وانگ یہان ریو اولمپکس میں خواتین کا سنگلز ٹائٹل جیتنے کے لیے فیورٹ تھیں۔
وہ اس سے پہلے سنہ 2012 میں لندن اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیت چکی ہیں۔
سندھو نے وانگ کو 54 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 10- 22 اور 19-21 کے سکور سے شکست دی۔

،تصویر کا ذریعہAP
انڈیا کی کھلاڑی جمعرات کو کھیلے جانے والے سیمی فائنلز میں جاپان کی نوزومی اوکوہارا سے مقابلہ کریں گی۔
پانچ جولائی سنہ 1995 کو انڈیا میں پیدا ہونے والی سندھو نے آٹھ سال کی عمر سے بیڈمنٹن کھیلنا شروع کر دیا تھا۔
سندھو کا کہنا ہے کہ ان کے والدین والی بال کے سابق کھلاڑی رہ چکے ہیں تاہم انھوں نے ان کی خواب کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے انھیں متحرک کیا۔
سندھو انڈیا کی ایتھلیٹ سابق بین الاقوامی کھلاڑی گوپی چند سے تربیت حاصل کرتی رہی ہیں۔
گوپی چند کا سندھو کے حوالے سے کہنا ہے ’وہ کبھی ہمت نہیں ہارتی ہیں اور یہ ان کی بہترین صلاحیت ہے۔‘
سندھو سنہ 2014 میں گلاسگو میں منعقد ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں سیمی فائنل تک پہنچی تھیں اور سنہ 2015 میں ڈنمارک اوپن کے فائنل میں چین کی لی سے ہار گئی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سندھو کی فتح کے بعد انڈیا کے سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے ان کے کارنامے کی تعریف کرتے ہوئے ملک کے لیے ایک تمغہ جیتنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر پر سندھو کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ انھوں نے ملک کے لیے قابلِ فخر کارنامہ سر انجام دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر تاپسی پنوں نے لکھا ’سندھو نے دو سٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔‘
ایک دوسرے صارف نے لکھا ’ سندھو کی جیت سے انڈیا کے لیے تمغہ حاصل کرنے کی امیدیں ایک بار پھر سے زندہ ہو گئی ہیں۔‘ جب کہ ایک اور نے لکھا ’پورا انڈیا سندھو کے ساتھ ہے۔‘



