ریو میں برطانیہ کی دوسری پوزیشن مزید مستحکم

سائیکلنگ میں برطانیہ کے جیسن کینی اور لارا ٹراٹ نے طلائی تمغے حاصل کیے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسائیکلنگ میں برطانیہ کے جیسن کینی اور لارا ٹراٹ نے طلائی تمغے حاصل کیے

ریو اولمپکس کے 11ویں دن کے اختتام پر جہاں امریکہ 28 طلائی تمغوں سمیت کل 84 تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیبل پر سرفہرست ہے وہیں برطانوی کھلاڑیوں نے مزید تین طلائی تمغے جیت کر اپنی ٹیم کی دوسری پوزیشن مزید مستحکم کر دی ہے۔

منگل کو میزبان برازیل ریو اولمپکس میں اپنا تیسرا طلائی تمغہ جیتنے میں بھی کامیاب رہا۔

برازیل کو یہ طلائی تمغہ باکسر رابسن نے 60 کلوگرام کے لائٹ ویٹ مقابلے میں دلوایا جہاں فائنل میں انھوں نے دوسرا راؤنڈ میں اپنے فرانسیسی حریف سفیان اومیہا کو ناک آؤٹ کر دیا۔

امریکہ کے لیے جمناسٹ سیمون بائلز نے فلور روٹین میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ یہ ان مقابلوں میں ان کا چوتھا گولڈ میڈل ہے۔ اس مقابلے میں امریکہ کی ہی الیگزینڈرا ریسمین دوسرے جبکہ برطانیہ کی 16 سالہ ایمی ٹنکلر تیسرے نمبر پر رہیں۔

امریکہ کے دوسرا طلائی تمغہ کرسچیئن ٹیلر نے مردوں کے ٹرپل جمپ مقابلے میں حاصل کیا۔

برطانیہ کے لیے دن کا پہلا طلائی تمغہ کشتی رانی کی ’فِن‘ کلاس میں 29 سالہ سکاٹ نے حاصل کیا۔

امریکہ کے لیے جمناسٹ سیمون بائلز نے فلور روٹین میں طلائی تمغہ حاصل کیا
،تصویر کا کیپشنامریکہ کے لیے جمناسٹ سیمون بائلز نے فلور روٹین میں طلائی تمغہ حاصل کیا

ان کے علاوہ سائیکلنگ میں جیسن کینی اور لارا ٹراٹ نے طلائی تمغے حاصل کیے۔ یہ دونوں سائیکلسٹ ستمبر میں رشتۂ ازدواج میں بندھنے والے ہیں۔

کینی نے کیرین مقابلے میں حاصل کیے گئے اس طلائی تمغے کی مدد سے سر کرس ہوئے کا اولمپکس میں چھ طلائی تمغوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

ایتھلیٹکس میں جمیکا نے عمر میکلیوڈ نے 110 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں طلائی تمغہ جیتا۔

22 سالہ عمر نے مقررہ فاصلہ 13.05 سیکنڈز میں طے کیا اور سپین کے اورلینڈو اورٹیگا کو چاندی جبکہ فرانس کے دمیتری باسکو کو اس مقابلے میں کانسی کا تمغہ ملا۔

جمیکا کے ہی سپر سٹار ایتھلیٹ یوسین بولٹ باآسانی دو سو میٹر کی دوڑ کے فائنل میں پہنچ گئے۔ بولٹ اب تک ریو میں سو میٹر کی دوڑ میں طلائی تمغہ جیت چکے ہیں اور ان کی نظر دو سو اور چار ضرب سو میٹر ریلے ریس میں طلائی تمغے جیتنے پر ہے۔

جمیکا کے سپر سٹار ایتھلیٹ یوسین بولٹ باآسانی دو سو میٹر کی دوڑ کے فائنل میں پہنچ گئے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنجمیکا کے سپر سٹار ایتھلیٹ یوسین بولٹ باآسانی دو سو میٹر کی دوڑ کے فائنل میں پہنچ گئے

اگر بولٹ یہ دونوں مقابلے جیتتے ہیں تو اولمپکس میں ان کے طلائی تمغوں کی تعداد نو ہو جائے گی۔

وہ گذشتہ دو اولمپکس میں یہ تینوں مقابلے جیت چکے ہیں۔

ایتھلیٹکس میں ہی خواتین کی 1500 میٹر کی دوڑ میں کینیا کی فیتھ کپیگون نے ایتھوپیا کی عالمی ریکارڈ یافتہ ایتھلیٹ گینزیبی دبابا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا جبکہ دبابا کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔

مردوں کے ہائی جمپ مقابلے میں طلائی تمغہ کینیڈا کے ڈیرک ڈروئن کے حصے میں آیا جنھوں نے 2.38 میٹر بلند چھلانگ لگائی۔ قطر کے متعذ عیسیٰ بارشم کو چاندی جبکہ یوکرین کے بوگدان بوندارینکو کو کانسی کا تمغہ ملا۔

میڈل ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود چین کو دن کے دو طلائی تمغے ڈائیونگ اور ٹیبل ٹینس میں ملے۔

ڈائیونگ میں چاؤ یوان نے مردوں کے تین میٹر سپرنگ بورڈ مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ٹیبل ٹینس میں خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں لی زیاوزیا اور لیو شیون نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔

یہ لگاتار تیسرے اولمپکس ہیں جن میں چین نے خواتین کے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔