فیلپس کا 19واں طلائی تمغہ، ریو میں امریکہ سرِفہرست

فیلپس کے لیے ریکارڈ 19واں طلائی تمغہ اور ریو اولمپکس میں پہلا تمغہ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنفیلپس کے لیے ریکارڈ 19واں طلائی تمغہ اور ریو اولمپکس میں پہلا تمغہ

ریو میں جاری اولمپکس مقابلوں کے دوسرے دن کے اختتام پر امریکہ 12 تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیبل پر سرفہرست آ گیا ہے۔

ان تمغوں میں تین طلائی تمغے بھی شامل ہیں جن میں سے ایک امریکی تیراکوں نے 4‌x100 میٹر فری سٹائل ریلے میں حاصل کیا۔ اس دوڑ میں فرانس کی ٹیم دوسرے اور آسٹریلیا کی ٹیم تیسرے نمبر پر آئی۔

یہ معروف امریکی تیراک مائیکل فیلپس کا ریو اولمپکس میں پہلا اور مجموعی طور پر 19 واں اولمپک گولڈ میڈل تھا۔

ریلے ریس میں فیلپس امریکہ کی جانب سے دوسرے نمبر پر تیرنے کے لیے کودے تھے اور انھوں نے تین منٹ 9.92 سیکنڈ میں 100 میٹر کا فاصلہ طے کیا۔

31 سالہ فیلپس دنیا میں سب سے زیادہ اولمپک طلائی تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

میجلنڈا کیلمنڈی نے کوسوو کے لیے پہلا طلا‏ئی تمغہ حاصل کیا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمیجلنڈا کیلمنڈی نے کوسوو کے لیے پہلا طلا‏ئی تمغہ حاصل کیا ہے

وہ پانچویں بار اولمپکس مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں اور وہ مجموعی طور پر 23 میڈل اپنے نام کر چکے ہیں جن میں چاندی اور کانسی کے بھی دو، دو تمغے شامل ہیں۔

ان کے تمغوں کی تعداد اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود سابق روسی جمناسٹ لارسیا لتینینا سے دگنے سے بھی زیادہ ہے۔

فیلپس نے سنہ 2012 کے لندن اولمپکس کے بعد ریٹائرمنٹ لے لی تھی لیکن پھر سنہ 2014 میں انھوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔

دوسرے دن کے مقابلوں میں ایک اہم بات کوسوو کا اولمپکس میں پہلا طلائی تمغہ تھا۔ یہ اعزاز میجلنڈا کیلمنڈی نے حاصل کیا جو جوڈو کے 52 کلوگرام مقابلوں میں کامیاب رہیں۔

قنگکوان نے چین کے لیے ویٹ لفٹنگ میں طلائی تمغہ حاصل کیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنقنگکوان نے چین کے لیے ویٹ لفٹنگ میں طلائی تمغہ حاصل کیا

25 سالہ کیلمنڈی نے اٹلی کی کھلاڑی کو ہرا کر یہ تمغہ حاصل کیا۔ اس سے قبل وہ البانیا کی جانب سے لندن اولمپکس میں شریک ہوئی تھیں۔

برطانیہ نے بھی اولمپکس میں اپنے طلائی تمغوں کا کھاتہ دوسرے دن کھولا جب 21 سالہ تیراک ایڈم پیٹی نے 100 میٹر بریسٹ سٹروک مقابلے میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

ریو اولمپکس میں دوسرے دن کے اختتام پر چین امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ چین کے لیے ان مقابلوں میں تیسرا طلائي تمغہ لونگ کنگ کوان نے ویٹ لفٹنگ میں حاصل کیا۔ انھوں نے 56 کلو گرام مقابلے میں مجموعی طور پر 307 کلوگرام وزن اٹھایا جو کہ نیا ورلڈ ریکارڈ بھی ہے۔

انڈیا کی جمناسٹ دیپا کرماکر نے ریو اولمپکس میں جمناسٹکس کے فائنل مقابلے میں جگہ بنائی ہے۔ وہ سنہ 1964 کے بعد اس مرحلے تک پہنچنے والی پہلی انڈین خاتون ہیں۔

سرینا اور وینس ولیمز خوہران کی جوڑی ریو میں ناکام ہو گئی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنسرینا اور وینس ولیمز خوہران کی جوڑی ریو میں ناکام ہو گئی

دیپا آرٹسٹك جمناسٹک مقابلے میں چھٹے نمبر پر رہیں۔

دیپا کے برعکس انڈیا کی نشانہ باز حنا سنگھ اور انڈین خاتون تیر اندازوں کی ٹیم اپنے اپنے مقابلے ہار گئیں۔

تیراندازوں کو ٹیم مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں روسی ٹیم نے چار کے مقابلے میں پانچ گیمز سے شکست دی۔

ٹینس مقابلوں میں پہلے دن شروع ہونے والا اپ سیٹس کا سلسلہ دوسرے دن بھی جاری رہا جب دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پہلے ہی دور میں ہار کر باہر ہو گئے۔

انڈیا کی جمناسٹ دیپا کرماکر فائنل میں پہنچي ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنانڈیا کی جمناسٹ دیپا کرماکر فائنل میں پہنچي ہیں

انھیں ارجنٹینا کے کھلاڑی ژاں مارٹن ڈیل پورٹو سے سخت مقابلے کے بعد 7-6, 7-6 سے شکست دی۔

ان کے علاوہ برطانیہ کے اینڈی اور جیمی مرے کی جوڑی مردوں کے ڈبلز مقابلے سے باہر ہو گئی تاہم سنگلز مقابلوں کے دفا‏عی چیمپیئن اینڈی مرے نے سربیا کے کھلاڑی وکٹر ٹروئکی کو ہرا کر پہلا راؤنڈ جیت لیا۔

امریکہ کی سرینا اور وینس ولیمز کی جوڑی بھی اپنا پہلا میچ ہار کر خواتین کے ڈبلز مقابلوں سے باہر ہو گئی۔ یہ جوڑی چوتھی بار اولمپک میڈل حاصل کرنے کی امید رکھتی تھی۔

وینس ولیمز مقابلوں کے پہلے دن سنگلز میچ میں بھی شکست کھا چکی ہیں۔

عراق کی ٹیم نے حیرت انگیز طور پر میزبان برازیل کے خلاف میچ برابری پر ختم کیا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنعراق کی ٹیم نے حیرت انگیز طور پر میزبان برازیل کے خلاف میچ برابری پر ختم کیا