انگلینڈ کی چوتھے دن کے اختتام پر311 رنز کی برتری

،تصویر کا ذریعہGetty
برمنگھم میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان 414رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان پر 311 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
میچ کے اختتام پر معین علی اور بیرسٹو کریز پر موجود تھے اور دونوں اپنی نصف سنچریاں مکمل کر چکے ہیں۔
٭ <link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90216" platform="highweb"/></link>

،تصویر کا ذریعہGetty
یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں اپنا دوسرا شکار بیلنس کو بنایا جو 28 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
انگلینڈ کی چوتھی وکٹ ونس کی گری جنھیں عامر نے 42 رنز پر آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی تیسری وکٹ جو روٹ کی صورت میں گری جو 62 رنز پر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
سنیچر کو چوتھے دن کے آغاز پر ہی انگلینڈ کو پہلا نقصان کپتان ُکک کی صورت میں اٹھانا پڑا، جن کا 66 کے انفرادی سکور پر سہیل خان کی گیند پر یاسر شاہ نے خوبصورت کیچ پکڑا۔
اس کے اگلے ہی اوور میں محمد عامر کی گیند پر ہیلز 54 رنز بنا کر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 120 رنز بنا لیے تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
جمعے کو پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بولر انگلش بلے بازوں کی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا تھا۔
انگلش ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک نے 67 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری سکور کی۔ جبکہ ایلکس ہیلز جو کہ اس سیریز میں اب تک کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل پائے تھے 116 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 400 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اسے انگلینڈ کے خلاف 103 رنز کی برتری بھی حاصل ہو گئی تھی۔
انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ اور کرس ووکس نے تین تین جبکہ جیمز اینڈرسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
مصباح الحق نے 93 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم وہ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 56 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
تیسرے دن پاکستان کو دن کا پہلا اور مجموعی طور پر چوتھا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب یونس خان 31 رنز بنانے کے بعد ووکس کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے بیرسٹو کو کیچ دے بیٹھے۔
ان کی جگہ آنے والے اسد شفیق 18 گیندیں کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے براڈ کی گیند پر اس وقت بولڈ ہوئے جب پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے ایک رن درکار تھا۔
پاکستانی اننگز کی اب تک کی خاص بات اظہر علی اور سمیع اسلم کی عمدہ بلے بازی رہی ہے۔ ان دونوں نے دوسرے دن کے کھیل میں دوسری وکٹ کے لیے 181 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان نے اس میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور شان مسعود اور وہاب ریاض کی جگہ سمیع اسلم اور سہیل خان کو ٹیم کو جگہ دی گئی ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم میں زخمی ہونے والے آل راؤنڈر بین سٹوکس کی جگہ سٹیون فن کی واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان چار میچوں کی یہ سیریز فی الوقت ایک ایک سے برابر ہے۔



