یورو: بیلجیئم ہنگری کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں

،تصویر کا ذریعہGetty
فرانس میں جاری یورو 2016 فٹبال ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں بیلجیئم نے ہنگری کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
اتوار کو تولوز کے سٹیڈیم میونسپل میں کھیلے جانے والے میچ میں بیلجیئم نے تقریباً یکطرفہ مقابلے کے بعد چار صفر سے فتح حاصل کی۔
کھیل کے دسویں منٹ میں بیلجیئم کی ٹیم کی جانب سے ایلڈرویئرلڈنے پہلا گول سکور کیا۔
78ویں منٹ میں باتسوآئی نے دوسرا گول کیا جبکہ اگلے ہی منٹ میں کپتان ایڈن ہیزرڈ نے تیسرا گول بنا ڈالا۔
کھیل کے 91ویں منٹ میں کارکیسکو نے چوتھا گول کیا جو اس میچ کا آخری گول ثابت ہوا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
بیلجیئم کے کپتان ایڈن ہیزرڈ نے کامیابی کے بعد کہا کہ یہ ایک بڑا میچ تھا اور ہم فتح کے حقدار تھے۔
انھوں نے کہا کہ ہم مزید گول کر سکتے تھے لیکن ہنگری کے کیپر نے ایسا ممکن نہیں ہونے دیا۔
کوارٹر فائنل میں جمعے کو بیلجیئم کا مقابلہ ویلز سے ہوگا۔
ہنگری کے کوچ برنڈ سٹورک نے بیلجیئم کی کامیابی پر اسے مبارکباد دی اور کہا یقیناً وہ کامیابی کے حقدار تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ہاف میں ان کی ٹیم نے بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہو سکے تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر خوش ہیں۔



