یوروکپ: انگلینڈ نے ویلز کو ہرا دیا

گیرتھ بیل نے ویلز کو برتری دلوائی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنگیرتھ بیل نے ویلز کو برتری دلوائی

یوروکپ 2016 کےگروپ بی کے میچ میں انگلینڈ نے ویلز کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔

ویلز نے پہلے ہاف میں گیرتھ بیل کے عمدہ گول کی بدولت برتری حاصل کر لی تھی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں انگلینڈ نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اور ہیری کین اور رحیم سٹرلنگ کی جگہ جیمی وارڈی اور ڈینیل سٹریج کو میدان میں اترا۔

جیمی وارڈی نے دوسرے ہاف کے شروع ہونے کے چند منٹ بعد بھی گول کر کے میچ کو برابری پر لاکھڑا کیا۔ ویلز نے اس موقع پر دفاعی کھیل پیش کیا اور انگلینڈ کے گول پر حملہ کرنے سے زیادہ توجہ اپنے دفاع پر دی اور میچ کے مقررہ وقت میچ برابری پر تھا۔ جب کھیل اضافی منٹوں میں داخل ہوا تو ڈینیئل سٹریج نے گول کر کے انگلینڈ کی فتح کو یقنینی بنا دیا۔

گروپ بی کے پہلے میچ میں انگلینڈ اور روس کا میچ برابری پر ختم ہو گیا تھا۔ دو میچوں میں انگلینڈ نے چار پوائنٹس حاصل کر رکھے۔ ویلز نے دو میچوں میں تین پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں۔ ویلز کا اگلا میچ روس کے ساتھ ہونا ہے جبکہ انگلینڈ کو سلواکیہ سے کھیلنا ہے۔

پہلے ہاف میں انگلینڈ نے ٹیم مجموعی طور پر کھیل پر اپنا غلبہ برقرار رکھا اور متعدد بار ویلز کے گول پر حملےکرنے کی کوشش کی لیکن ویلز کے دفاعی حصار کو توڑنے میں کامیاب نہیں رہے۔

جیمی وارڈی نے دوسرے ہاف کے شروع میں گول ویلز کی برتری ختم کر دی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجیمی وارڈی نے دوسرے ہاف کے شروع میں گول ویلز کی برتری ختم کر دی

ویلز اور سپین کے مشہور فٹبال کلب ریال میڈرڈ کے مشہور سٹرائیکر گیرتھ بیل نے ویلز کو 58 برس بعد کسی بڑے ٹورنامنٹ میں کوالیفائی کرانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ یورو کپ 2016 کے کوالیفائینگ راؤنڈ میں ویلز نے مجموعی طور پر گیارہ گول کیے جن میں سے سات صرف گیرتھ بیل نے کیے تھے۔

یوورکپ کے پہلے میچ میں ویلز نے سلواکیہ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا تھا۔ اس میچ میں گیرتھ بیل نے ایک گول سکور کیا تھا۔

انگلینڈ کے کوچ نے دوسرے ہاف میں گول کی تلاش میں اٹھارہ سالہ نوجوان مارکس ریشفورڈ کو بھی میدان میں اتار دیا ہے۔ مارکس ریشفورڈ نے حالیہ انگلش پریمئیر لیگ سیزن میں مانچسٹر یونائٹیڈ کی جانب سے کھیلتے ماہرین کو متاثر کیا۔

ویلز کے کوچ کرس کولمین نے میچ کے بعد کہا کہ انھیں اس شکست سے مایوسی ضرور ہوئی ہے لیکن وہ ابھی ٹورنامنٹ سے آؤٹ نہیں ہوئے ہیں اور اگلے میچ میں اچھا نتیجہ حاصل کر کے ناک آؤٹ سٹیج پر پہنچ سکتے ہیں۔

یورو کپ 2016 کے گروپ سی کے میچ میں شمالی ایئر لینڈ نے یوکرین کو دو صفر سے شکست دے دیدی۔

شمالی ائیر لینڈ نے دونوں گول میچ کے دوسرے ہاف میں کیے۔