’جھگڑا کرنے سے گریز کریں‘، رونی کی اپیل

،تصویر کا ذریعہGetty
انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کپتان وین رونی اور ٹیم مینیجر روئے ہاجسن نے مداحوں سے براہ راست اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’جھگڑا کرنے سے گریز کریں‘۔
یاد رہے کہ ہفتے کو مارسیے میں یورو 2016 کے انگلینڈ اور روس کے درمیان میچ کے بعد شائقین اور پولیس کے درمیان تصادم کے واقعات پیش آئے تھے۔ فرانسیسی تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے پیچھے 150 روسی مداحوں کا ہاتھ تھا۔ فٹبال کے یورپی ادارے یوئیفا نے دونوں ٹیموں کو تنبیہ کی ہے کہ اگر مداحوں کی طرف سے دوبارہ اس طرح کا رویہ دیکھنے کو ملا کو دونوں ٹیموں کو ٹورنامنٹ سے برخاست کردیا جائے گا۔
ٹیم مینیجر ہاجسن نے اس بارے میں کہا کہ انھیں یوئیفا کی طرف سے ملنے والی اس تنبیہ پر تشویش ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم نے یہاں تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے اور وہ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا ’ہم آپ (شائقین) کے ساتھ اور حمایت کی قدر کرتے ہیں لیکن میں آپ سے اپیل کررہا ہوں کہ جھگڑا کرنے سے گریز کریں‘۔ ہاجسن نے یہ بھی کہا کہ شائقین اس بات کو یقینی بنائیں کہ یوئیفا کی طرف سے انگلینڈ پر پابندی نہ لگے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
دوسری طرف انگلش کپتان وین رونی نے شائقین سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے میچز کی ٹکٹوں کے بغیر فرانس نہ آئیں۔
اس سے قبل یوئیفا نے تسلیم کیا تھا کہ ’شائقین کو الگ کرنے میں مسائل پیش آئے لیکن سکیورٹی کو بہتر کیا جائےگا۔‘
ادھر برطانوی حکومت نے جمعرات کو انگلینڈ کے ہونے والے اگلے میچ کے لیے اضافی برطانوی پولیس بھیجنے کی پیش کش کی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یوئیفا نے انگلینڈ اور روس کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں شائقین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے بعد روس کی فٹبال ایسوسی ایشن کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
رشین فٹبال ایسوسی ایشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روس پر لگائے جانے والے الزامات میں شائقین کی جانب سے دھکم پیل، نسل پرستانہ رویے اور گراؤنڈ میں آتشبازی کے الزامات شامل ہیں۔
روس کے لیے سزا کا تعین منگل کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔



