مدثر نذر کو ڈائریکٹر اکیڈمیز بنانے کا فیصلہ

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ سابق اوپننگ بیٹسمین مدثر نذر کو ڈائریکٹر اکیڈمیز مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مدثر نذر اس وقت آئی سی سی کی دبئی میں قائم گلوبل اکیڈمی سے منسلک ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بی بی سی سے بات کرتےکہا کہ مدثر نذر کی تعیناتی کا باضابطہ اعلان کچھ روز میں کر دیا جائے گا۔
٭ <link type="page"><caption> ’جب تک ٹیم جیتے کوچ برقرار رہتا ہے‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2012/01/120126_mudassar_nazar_rwa" platform="highweb"/></link>
پاکستان کے سابق اوپنر اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹرگیم ڈیویلپمنٹ کے عہدے پر کام کر چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یار خان کا کہنا ہے کہ مدثر نذر کا کرکٹ میں وسیع تجربہ ہے اور کوچنگ کے شعبے میں بھی وہ قابل ذکر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
مدثر نذر نےگذشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یارخان سے دبئی میں ملاقات کی تھی جس میں انھیں ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے عہدے کی پیشکش کی گئی تھی۔
معلوم ہوا ہے کہ مدثر نذر نے اس عہدے کے لیے باقاعدہ طور پر درخواست پاکستان کرکٹ بورڈ کو دے دی ہے۔
اگرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو متعدد دیگر درخواستیں بھی موصول ہوئی تھیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے مدثر نذر کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے۔
60 سالہ مدثرنذر نے 76 ٹیسٹ اور 122 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
انھیں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سست ترین سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے جو انھوں نے دسمبر سنہ 1977 میں انگلینڈ کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں 557 منٹ میں سکور کی تھی۔



