ریو: نئی میٹرو لائن کا منصوبہ تاخیر کا شکار

،تصویر کا ذریعہAFP
برازیل میں حکام کا کہنا ہے کہ ریو ڈی جنیرو میں اولمپکس کے لیے ایک نئی میٹرو لائن کا جو وعدہ کیا گیا تھا اسے اب صرف اولمپکس سے چند دن پہلے ہی شروع کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس نئی میٹرو لائن کو اب عوام کے لیے اولمپکس مقابلوں کے بعد ہی کھولا جائے گا۔

خیال رہے کہ برازیل میں پانچ سے 21 اگست تک منعقد ہونے والے اولمپکس مقابلوں کے دوران 14 کلو میٹر نئی میٹرو لائن فور کو اب اس کی آدھی صلاحیت پر استعمال کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی میٹرو لائن کو اب صرف اولمپکس کے عہدیدار، ٹکٹ ہولڈرز اور معاون اہلکار ہی استعمال کریں گے اور اسے رواں برس ستمبر میں ہونے والے پیرالمپکس کے بعد عوام کے لیے کھولا جائے گا۔

ریو ڈی جنیرو کےٹرانسپورٹ سیکریٹری راڈریگو کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک چھوٹا سا ردو بدل ہے اور اسے تاخیر قرار نہیں دیا جا سکتا۔
حکام نے ابتدائی طور پر ریو ڈی جنیرو میں اولمپکس کے لیے ایک نئی میٹرو لائن کو جولائی میں شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔



