ورلڈ ٹی ٹوئٹنی میں ناکامی پر شاہد آفریدی کی قوم سے معافی

شاہد آفریدی کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد کپتان نہیں رہیں گے

،تصویر کا ذریعہShahid Afridi

،تصویر کا کیپشنشاہد آفریدی کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد کپتان نہیں رہیں گے

پاکستان کی ٹی ٹوئٹنی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ورلڈ کی ٹوئٹنی میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر قوم سے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ وہ صرف قوم کو جواب دہ ہیں۔

شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ جب وہ سبز رنگ پہنے سینے پر ستارہ سجائے کرکٹ کے میدان میں اترتے ہیں تو وہ پوری قوم کے جذبات ساتھ لے کر اترتے ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر صفائی پیش کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ’یہ ٹیم محض 11 کھلاڑیوں کی ٹیم نہںی بلکہ پورے ملک کی ٹیم تھی۔‘

پاکستان کی قومی ٹیم میں ان کے مستقبل کے حوالے سے ہونے والے چہ مگوئیوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’کل کیا ہوگا، کون میرے بارے میں کیا کہتا ہے کون نہیں کہہ رہا۔ خدا کی قسم مجھے کسی کی پرواہ نہیں ہے۔‘

اپنے مختصر ویڈیو پیغام میں قوم کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں آپ کو جواب دہ ہوں۔‘

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی ناکامی پر شاہد آفریدی نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا ’میں شاہد آفریدی آپ سے پوری عوام سے معافی چاہتا ہوں۔ کیونکہ جو اُمیدیں آپ کو مجھ سے میرے ٹیم سے تھیں میں ان پر پورا نہیں اتر سکا۔‘

شاہد آفریدی کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد کپتان نہیں رہیں گے۔