یووراج زخمی ہونے کے بعد ورلڈ کپ سے باہر

،تصویر کا ذریعہAFP
سٹار بھارتی بیٹسمین یووراج سنگھ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ٹخنے میں چوٹ لگنے کے بعد آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔
2007 میں پہلا ٹی ٹوئنٹی کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم میں اہم کردار ادا کرنے والے یووراج کا اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف آخری گروپ میچ میں ٹخنہ مڑ گیا تھا۔
بھارتی ٹیم کے ڈائریکٹر روی شاستری کا کہنا ہے کہ یووراج کا زخمی ہونا ٹیم پر اثر انداز ہوگا۔
بھارت نے ان کی جگہ منیش پانڈے کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ 26 سالہ پانڈے کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جمعرات کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میچ میں موقع دیا جا سکتا ہے۔
تاہم یووراج کی جگہ اجنکیا راہانے بھی لے سکتے ہیں۔ جنھیں ٹیم میں شامل کرنے کے لیے کافی عرصے سے غور کیا جا رہا ہے۔
واضع رہے کہ منیش پانڈے آئی پی ایل میں سنچری بنانے والے پہلے بھارتی کھلاڑی تھے۔ انھوں نے اب تک چار ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور صرف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی ہے۔
دوسری طرف راہانے اب تک 67 ون ڈے اور 17 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں۔ تجربے اور اوسط کے لحاظ سے رہانے منیش سے سینیئر کھلاڑی ہیں۔
روی شاستری کا کہنا ہے کہ منیش کو سکواڈ میں شامل کرنے کی ایک بڑی وجہ ان کی بولنگ ہے اور سیمی فائنل میں کونسا کھلاڑی کھیلے گا یہ فیصلہ نیٹ پریکٹس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر کیا جائے گا۔



