کشمیری نوجوان پاکستانی ٹیم کے دیوانے
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، موہالی
پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں بے حد مقبول ہے اور وہاں سے تعلق رکھنے والے نوجوان شائقین کی ایک بڑی تعداد موہالی میں موجود ہے۔
یہ نوجوان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے موقع پر بھی موہالی کے آئی ایس بندرا سٹیڈیم میں موجود تھے اور آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ نظر آئے۔
ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اور پلے کارڈ تھے جن پر شاہد آفریدی کے حق میں نعرے درج تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
یہ نوجوان میچ شروع ہونے سے کافی دیر پہلے ہی سٹیڈیم کے باہر جمع ہو چکے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔
بعد میں ان نوجوانوں نے سٹیڈیم کے سٹینڈ میں بھی جگہ سنبھال لی اور جب شاہد آفریدی ٹاس کے لیے آئے تو ان کا زبردست تالیوں اور نعروں سے خیرمقدم کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
شاہد آفریدی کشمیری نوجوانوں کے پسندیدہ ترین کرکٹر ہیں جب سٹیڈیم کی سکرین پر دونوں ٹیموں کے کرکٹرز کا تعارف ان کی تصویروں کے ساتھ کرایا جارہا تھا تو اس وقت بھی سب سے زیادہ تالیاں اس وقت بجیں جب سکرین پر شاہد آفریدی کی تصویر نمایاں ہوئی اور ان کا نام پکارا گیا۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے موقع پر شاہد آفریدی نے رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیر کے شائقین کی طرف سے حمایت کا ذکر کیا تھا جس پر بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ آفریدی کو سیاسی بیانات سے پرہیز کرنا چاہیے۔



