ایشیا کپ کا اہم میچ، پاکستان اور بنگلہ دیش مدِمقابل

اس ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کے بولروں خصوصاً محمد عامر نے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے وہیں پاکستانی بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناس ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کے بولروں خصوصاً محمد عامر نے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے وہیں پاکستانی بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے ہیں
    • مصنف, ذیشان حیدر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بدھ کو پاکستان اپنا تیسرا میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیل رہا ہے۔

ڈھاکہ میں کھیلا جانے والا یہ میچ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا اور ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کا سفر جاری رکھنے کے لیے پاکستان کو اس میچ میں فتح یاب ہونا ضروری ہے۔

پاکستان نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں دو میچ کھیلے ہیں اور جہاں وہیں متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں آغاز میں مشکلات کے بعد عمر اکمل اور شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت فتح پاکستان کا نصیب بنی۔

اس ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کے بولروں خصوصاً محمد عامر نے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے وہیں پاکستانی بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے ہیں۔

پاکستان کے اوپنر اور ٹاپ آرڈر اب تک ٹیم کو ایک مستحکم آغاز دینے میں ناکام رہا ہے اور اب تک کھیلے گئے دونوں میچوں میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی نے بعد میں آنے والے بلے بازوں پر شدید دباؤ ڈالا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیے جانے والے اوپنر شرجیل خان اس بلے بازی کا جلوہ دکھانے میں ناکام رہے ہیں جو ان کی سکواڈ میں شمولیت کی وجہ بنی تھی۔

ان کے علاوہ پہلی مرتبہ پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کا حصہ بننے والے خرم منظور نے دو میچوں میں دس اور صفر کے سکور کے ساتھ اپنے انتخاب پر اٹھنے والی انگلیوں میں اضافہ ہی کیا ہے۔

آج کے میچ میں فتح کی صورت میں بنگلہ دیش کی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کی راہ آسان ہو جائے گی

،تصویر کا ذریعہGettyimages

،تصویر کا کیپشنآج کے میچ میں فتح کی صورت میں بنگلہ دیش کی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کی راہ آسان ہو جائے گی

پاکستان کے برعکس ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کی کارکردگی بہتر رہی ہے اور کے بعد اس نے اور سری لنکا کے خلاف فتوحات حاصل کی ہیں۔

آج کے میچ میں فتح کی صورت میں بنگلہ دیش کی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کی راہ آسان ہو جائے گی۔

اس میچ کے لیے بنگلہ دیش کو اپنے ریگولر اوپنر تمیم اقبال کی خدمات بھی حاصل ہوں گی جو پاکستان سپر لیگ میں زخمی ہونے کے بعد اب تک ایکشن میں نظر نہیں آئے تھے۔

تاہم بنگلہ دیش بولر مستفیض الرحمان زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

یہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ میں آخری مرتبہ چار مارچ 2014 کو مدِ مقابل آئی تھیں اور پاکستان نے یہ میچ تین وکٹ سے جیتا تھا۔

ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کا سب سے یادگار مقابلہ 2012 کا فائنل تھا جس میں پاکستان نے آخری اوور میں اعزاز چیمہ کی عمدہ بولنگ کی بدولت کامیابی حاصل کی تھی۔