پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئندہ ماہ بھارت میں شروع ہونے والے عالمی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے مختصر بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مختصر دورانیے کے اس ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر رکھا ہے، تاہم کرکٹ کے عالمی مقابلوں میں قومی کرکٹ ٹیم کی شمولیت کو وفاقی حکومت کی اجازت سے مشروط کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یار نے قومی کرکٹ ٹیم کو عالمی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھا تھا۔
کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کرکٹ ٹیم کو اس ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے بھارت نہ بھیجا گیا تو پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں مزید مشکلات پیدا ہوں گی۔
حکومت میں شامل کچھ افراد کی رائے تھی کہ چونکہ بھارتی حکومت نے پاکستان کے ساتھ شیڈول کرکٹ سیریز کھیلنے کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کو دوبئی نہیں بھجوایا تھا اس لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو بھی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے نہیں بھجواناچاہیے۔
بھارتی حکام نے پاکستانی حکام کو ان مقابلوں میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کو سخت سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دھانی بھی کروائی ہے۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم پہلا ایشا ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے ان دنوں بنگلہ دیش میں ہے جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 کے عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے بھارت جائے گی۔



