متحدہ عرب امارات کو 14 رنز سے شکست

،تصویر کا ذریعہAFP

بنگلہ دیش میں ٹی 20 کرکٹ کے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے متحدہ عرب امارات کو 14 رنز سے شکست دے دی ہے۔

متحدہ عرب امارات 130 رنز کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز سکور کر سکی۔

متحدہ عرب امارات نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز سکور کیے۔

سری لنکا کی جانب سے چندیمل واحد کھلاڑی رہے جنھوں نے جم کر بیٹنگ کی۔ انھوں نے38 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔

ان کے علاوہ دلشان نے 36 گیندوں میں 27 رنز سکور کیے۔

ان دو کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکے۔

متحدہ عرب امارات کو پہلی کامیابی 10 ویں اوور میں ملی جب تلکرتنے دلشان 26 گیندوں میں 27 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ امجد جاوید نے لی۔

سری وردھنا جم کر نہ کھیل سکے اور چھ کے انفرادی سکور پر امجد جاوید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہOther

چندیمل نے 38 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔ اور اگلی ہی گیند میں امجد جاوید کی گیند پر کیچ ہو گئے۔

دسون شناکاپانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے امجد جاوید نے تین جبکہ محمد نوید اور محمد شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 115 رنز ہی بنا سکی۔

متحدہ عرب امارات کی طرف سے ایس پی پٹیل ہی ایک کھلاڑی تھے جو جم کر کھیل پائے۔

انھوں نے 37 گیندوں میں 37 رنز بنائے اور ان کو ملنگا نے آؤٹ کیا۔

اوپنر روہن مصطفیٰ کو ملنگا نے پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

پہلے اوور کی آخری گیند پر ملنگا نے دوسری وکٹ لی جب انھوں نے محمد شہزاد کو بولڈ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے ملنگا نے چار، کلاسیکرا نے تین اور ہیراتھ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔