ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے لیے بھارتی سکواڈ کا اعلان

،تصویر کا ذریعہBCCI
بھارتی کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
چيئرمین سندیپ پاٹل کی قیادت میں سلیکشن کمیٹی نے جمعے کو 15 رکنی سکواڈ کا حتمی چناؤ کیا۔
آسٹریلیا کے دورے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلے باز منیش پانڈے ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے ہیں۔
سلیکٹرز کو بلے باز اجنکیا رہانے اور منیش میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا تھا اور کپتان مہندر سنگھ دھونی اور کمیٹی نے رہانے پر اعتماد کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
ایک نئے کھلاڑی آل راؤنڈر پون نیگي کو بھی ٹیم شامل کیا گیا ہے اس کے علاہ آسٹریلیا کے دورے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بولر ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ بھی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
پرانے کھلاڑیوں میں بلے باز یواراج سنگھ اور سپنر ہربھجن سنگھ کو سکواڈ میں جگہ ملی ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سندیپ پاٹل نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی 20 کے لیے سب سے بہتر ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے اور انھیں امید ہے کہ بھارتی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہوگی۔
بھارتی ٹیم اس طرح سے ہے۔
مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، روہت شرما، شیکھر دھون، ویراٹ کوہلی، سریش رینا، یوراج سنگھ، رویندر جڈیجہ، ہاردک پانڈيا، آر اشون، جسپريت بمراہ، آشیش نہرا، اجنکیا رہانے، ہربھجن سنگھ، محمد شامی اور پون نیگی۔



