محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی، ویزے کا انتظار

محمد عامر کی کیمپ میں شمولیت پر اظہر علی اور محمد حفیظ نے تحفظات کا اظہار کیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد عامر کی کیمپ میں شمولیت پر اظہر علی اور محمد حفیظ نے تحفظات کا اظہار کیا تھا

پاکستانی سلیکٹروں نے نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر کو نیوزی لینڈ کا ویزا ملنے کی شرط پر انھیں ون ڈے اور ٹی 20 سکواڈ میں شامل کیا ہے۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر کی سلیکشن کا انحصار انھیں نیوزی لینڈ کا ویزا ملنے پر ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئی سی سی کی طرف سے ان پر پابندی اٹھ چکی ہے اور انھیں ان کی حالیہ کارکردگی کی وجہ ٹیم میں شامل کیا جا رہا ہے۔

محمد عامر نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی پاداش میں سزا مکمل ہونے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ اور بنگلہ دیشی پریمیئر لیگ میں بھی حصہ لیا تھا جہاں انھوں نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پی سی بی حکام نے میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کر دی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ محمد عامر کو نیوزی لینڈ کا ویزا مل گیا ہے۔

پی سی بی کے ایک ذمہ دار اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ ’آج دبئی میں چھٹی ہے، ابھی محمد عامر کے ویزے کی درخواست جمع کرائے دو دن ہوئے ہیں، کچھ اور وقت لگےگا تاہم امید ہے کہ یہ معاملہ احسن طریقے سے حل ہو جائے گا۔‘

اس سے قبل چیف سلیکٹر ہارون رشید نے قومی سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ محمد عامر کو ویزا ملنے میں مشکلات ہو سکتی ہیں۔

پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی اور سینیئر کھلاڑی محمد حفیظ نے محمد عامر کی قومی ٹیم کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ میں شمولیت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کیمپ میں شمولیت سے انکار کیا تھا۔ دونوں کھلاڑی پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کے بعد اپنا موقف تبدیل کر چکے ہیں اور ٹیم کا حصہ ہیں۔

عمر گل کو فٹ ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعمر گل کو فٹ ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے

پاکستان کو 15 جنوری سے شروع ہونے والے نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران تین ایک روزہ اور تین ٹی 20 میچ کھیلنا ہیں۔

ٹی 20 سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: شاہد آفریدی (کپتان) احمد شہزاد، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، محمد رضوان، صہیب مقصود، سرفراز احمد، انور علی، عماد وسیم، وہاب ریاض، عامر یامین، عمر گل، عمر اکمل، محمد عامر، اور سعد نسیم۔

ون ڈے ٹیم: اظہر علی(کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، شعیب ملک، اسد شفیق، بابر اعظم، صہیب مقصود، ظفر گوہر، عماد وسیم، انور علی، وہاب ریاض، راحت علی، محمد عرفان، محمد رضوان، اور محمد عامر۔