’مسئلہ ختم ہوگیا، حفیظ اور اظہر کی کیمپ میں واپسی‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ محمد عامر کے معاملے پر موجود تنازع ختم ہوگیا ہے اور محمد حفیظ اور اظہر علی تربیتی کیمپ میں واپس آگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا محمد عامر کو صرف کیمپ میں واپس بلایا ہے ابھی انھیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ محمد حفیظ اور ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر پر اعتراض کرتے ہوئے لاہور میں جاری قومی فٹنس کیمپ میں شمولیت سے انکار کررکھا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سنیچر کی صبح لاہور میں محمد حفیظ سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اظہر علی اور حفیظ کو اپنا موقف پیش کرنے کا پورا موقع دیا گیا ہے اور اب وہ ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں سے ’اچھی ملاقات ہوئی میں نے بہت پیار اور محبت سے سمجھایا، دونوں نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔‘
شہریار خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے محمد حفیظ اور اظہر علی کو بتایا ہے کہ ابھی عامر کو کیمپ میں بلایا گیا ہے اگر ان کی ٹیم میں سلیکشن ہوجاتی ہے تو انھیں ساتھ لے کر چلنا ہوگا، کوئی بھی ٹیم میں انھیں مشکوک نظر سے نہ دیکھے اور یہ کھلاڑیوں کی ذمہ داری بنتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین سے چار روز میں قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان ہو جائےگا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے قبل پی سی بی حکام سے ملاقات کرنے کے بعد محمد حفیظ نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ ان کے موقف کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق محمد حفیظ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور ان کا یہ موقف کسی ایک شخص کے خلاف نہیں۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا ’کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں کہ مجھ میں کتنا ٹیلنٹ ہے۔ میں جانتا ہوں کہ میں ایک اوسط درجے کا کھلاڑی ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو بدنام کرنے والوں کو نہیں کھیلنا چاہیے۔



