گریٹر نوئیڈا سٹیڈیم افغان کرکٹ ٹیم کا نیا گھر

،تصویر کا ذریعہTwitter
بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہلی اور افغانستان کے درمیان ایک یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت افغانستان کی کرکٹ ٹیم بھارت میں تربیت اور میچ کھیلے گی۔
بی بی سی ہندی کے مطابق اب تک افغانستان کی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں تربیت اور کھیلا کرتی تھی۔
تاہم اس معاہدے کے بعد گریٹر نوئیڈا کرکٹ سٹیڈیم افغانستان کرکٹ ٹیم کا ہوم گراؤنڈ بنا دیا گیا ہے اور اسی سٹیڈیم میں ٹیم پریکٹس بھی کرے گی۔
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے درمیان یاد داشت کے تحت بھارت افغان ٹیم کی مدد کرے گا۔
دونوں بورڈز اور گریٹر نوئیڈا اتھارٹی کے درمیان معاہدے کے تحت افغان ٹیم گریٹر نوئیڈا گیمز كمپلیكس استعمال کرے گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے حال ہی میں اس میدان کا معائنہ کیا تھا اور ایسوسی ایٹ ٹیموں کے میچوں کے لیے اس سٹیڈیم کو منظور کیا گیا۔
تاہم ابھی اس میدان پر بین الاقوامی میچ نہیں کھیلے جا سکتے۔
اتر پردیش کرکٹ بورڈ کے اعزازی رکن راجیو شکلا نے کہا کہ بورڈ افغان کرکٹ کی ہر ممکن مدد کرے گا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او شفیق اسٹانکزئی نے کہا کہ یہ ان کے لیے تاریخی دن ہے اور اس سے دونوں ممالک کے تعلقات اور مضبوط ہوں گے۔



