محمد عامر پاکستان سپر لیگ میں شامل

محمد عامر کو گولڈ کیٹگری میں رکھا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنمحمد عامر کو گولڈ کیٹگری میں رکھا گیا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے کے خواہش مند کرکٹرز میں شامل کر لیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والے کرکٹرز کا حتمی انتخاب 20 اور 21 دسمبر کو ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال چار سے 23 فروری تک دبئی اور شارجہ میں ہونے والی اس ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کے خواہش مند 308 کرکٹرز کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے جن میں 171 غیرملکی کرکٹرز بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کی طرح نیلامی کا طریقہ کار اختیار کرنے کے بجائے ڈرافٹ سسٹم اپنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کھلاڑیوں کو پانچ مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے اور پانچ فرنچائز مالکان ان میں سے اپنی ٹیموں کا انتخاب کریں گے۔

فہرست میں 171 غیرملکی کرکٹرز بھی شامل ہیں

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشنفہرست میں 171 غیرملکی کرکٹرز بھی شامل ہیں

ان پر لازم ہوگا کہ وہ پہلی تین کیٹگریز پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ میں سے تین تین کرکٹرز کا انتخاب کریں ۔اسی طرح دو ایمرجنگ ( ابھرتے ہوئے ) کرکٹرز کا انتخاب کرنا ضروری ہوگا اور پھر سلور کیٹگری سے پانچ کرکٹرز لیے جائیں گے۔

ہر ٹیم میں کم ازکم چار غیرملکی کرکٹرز رکھنے کی اجازت ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پلاٹینم کیٹگری میں شامل 27 کرکٹرز میں 18 غیرملکی کرکٹرز شامل ہیں جن میں کرس گیل، کیون پیٹرسن، شین واٹسن، ڈوئن براوو، ڈیرن سیمی، آندرے رسل، ڈوئن اسمتھ، تلکارتنے دلشن، لستھ مالنگا، کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے، اینجیلو میتھیوز، بریڈ ہیڈن، ای این بیل، مارلن سیموئلز، بریٹ لی اور شکیب الحسن شامل ہیں۔

مصباح الحق اور یونس خان بھی پلاٹینم کیٹگری کا حصہ ہیں۔محمد عامر کو گولڈ کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شریک پانچوں ٹیموں کے کوچز کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔