عرب امارات پاکستان سپر لیگ کی میزبانی کرے گا

سپر لیگ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس میں 25 میچز کھیلے جائیں گے

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنسپر لیگ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس میں 25 میچز کھیلے جائیں گے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

دبئی اور شارجہ آئندہ سال چار سے 24 فروری تک ہونے والی اس سپر لیگ کی میزبانی کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل یہ لیگ قطر کے شہر دوحا میں کرانے کا اعلان کیا تھا حالانکہ اس کی خواہش تھی کہ وہ یہ لیگ متحدہ عرب امارات میں کرائے لیکن برطانوی نژاد ایک پاکستانی بزنس مین کی جانب سے انہی تاریخوں میں ریٹائرڈ انٹرنیشنل کرکٹرز کی ماسٹرز چیمپئنز لیگ کے انعقاد کے اعلان کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو متبادل کے طور پر قطر کے شہر دوحا کا انتخاب کرنا پڑا تھاکیونکہ امارات کے گراؤنڈز اسے دستیاب نہیں تھے۔

پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے گذشتہ دنوں متحدہ عرب امارات میں ماسٹر لیگ کے منتظمین اور امارات کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا جس کے بعد اطلاعات آئی تھیں کہ ماسٹر لیگ کے منتظمین اپنے ایونٹ کی تاریخوں میں ردوبدل پر آمادہ ہوگئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس میں 25 میچز کھیلے جائیں گے۔

لیگ کی مجموعی انعامی رقم دس لاکھ ڈالر ہوگی جبکہ ہر فرنچائز کو دس لاکھ ڈالر کے اندر کھلاڑی اور کوچز خریدنے کی اجازت ہوگی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے افسران کے قطر کے دوروں اور وہاں وکٹوں اور دیگر سہولتوں کی تیاری پر بہت بڑی رقم خرچ کر چکا ہے۔