رونالڈو پر دستاویزی فلم، ’معروف فٹبالر تنہائی کی زندگی گزار رہے ہیں‘

،تصویر کا ذریعہReuters
ایک نئی دستاویزی فلم کے پروڈیوسر نے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی زندگی میں جھانک کر دیکھا۔ اُن کا کہنا ہے کہ فٹبالر تنہائی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
برازیل کے فارمولا ون ڈرائیور کے متعلق بنائی گئی ایوارڈ یافتہ فلم ’سنا‘ بھی جیمز گیریس نے بنائی تھی۔
جیمز کے مطابق ’رونالڈو کی زندگی دوستوں کے ایک بہت چھوٹے سے گروہ اور اپنے خاندان کے افراد کے گرد گھومتی ہے۔ میرے خیال میں قربانی کو اِس سطح پر ہونا چاہیے کہ جہاں وہ ہماری قوتِ ادراک سے بالا ہو۔‘
دستاویزی فلم کی ٹیم ایک سال تک سپین کے ریال میڈرڈ فٹبال کلب میں رہی اور پُرتگالی کھلاڑی رونالڈو کے متعلق معلومات حاصل کرتی رہی۔

،تصویر کا ذریعہGetty
جیمز کا کہنا ہے کہ وہ بات جس نے انھیں سب سے زیادہ حیران کیا وہ یہ کہ وہ ایک عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ہوتے ہوئے کس طرح زندگی گزار رہے ہیں۔
جیمز کا کہنا تھا: ’اس کے لیے بےپناہ قربانیوں اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے۔ انھیں اس بات کا اندازہ ہے کہ وہ اپنی اجارہ داری چاہتے ہیں، وہ ہمیشہ کے لیے اچھے کھلاڑیوں میں سے ایک بن کر رہنا چاہتے ہیں۔ یہ ایک بہت سفاکانہ اور تنہا طرزِ زندگی ہے۔‘
جیمز کے مطابق: ’میرا خیال ہے کہ ہم سب یہ سمجھتے ہیں کہ اُن کی زندگی بہت زیادہ پیسہ بنانے اور ایک مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو رہنے کے گرد ہی گھومتی ہے۔ لیکن اس سب کے پیچھے بہت زیادہ قربانیوں کا عمل دخل ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty
جیمز نے نیوز بیٹ کو بتایا کہ رونالڈو نے دستاویزی فلم کئی بار دیکھی ہے اور انھوں نے اس کے آخر میں اس کے متعلق ’صرف چند الفاظ کہے۔‘
لیکن اُن کے مطابق وہ اسے دیکھ کر واقعی خوش ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ مایہ ناز کھلاڑی کے ’تکبر‘ کے متعلق غلط تاثر پھیلایا جاتا ہے۔
جیمز کا کہنا ہے کہ ’میرا خیال ہے کہ ان باتوں میں سے سب سے زیادہ حیران کُن بات یہ ہے کہ عالمی سُپر سٹار ہونا آسان کام نہیں ہے۔ یہ کچھ حد تک ایک ڈراؤنے خواب کی مانند ہے۔ میرا مطلب ہے کہ اُن کی زندگی بہت زیادہ نظم وضبط والی ہے اور وہ ایک سپاہی کی مانند منظم ہیں۔‘
جیمز کا مزید کہنا تھا کہ ’رونالڈو نے بہت سخت تربیت حاصل کی ہے جس نے انھیں مستقل مزاج بنا دیا ہے۔ فلم کے متعلق سب سے اچھی بات یہ ہے کہ میرا خیال ہے کہ یہ اس بات کو سمجھانے کا ایک ذریعہ ہے کہ وہ کیوں اس قدر مستقل مزاج ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہepa
جیمز انگلش گلوکار اور موسیقار ایمی وائن ہاؤس کی زندگی پر حال ہی میں بنائی گئی دستاویزی فلم ’ایمی‘کی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
جیمز کا کہنا ہے: ’وہ شاید دنیا کے سب سے زیادہ مشہور لوگوں میں سے ایک ہیں۔ وہ ایک حیرت انگیز فٹبالر ہیں۔ لوگوں کا خیال ہے کہ وہ انھیں جانتے ہیں لیکن انھیں اُن کے متعلق ذرا برابر بھی معلوم نہیں ہے۔ یہ ایک بہت اہم کامیابی تھی اس طرح کے کسی شخص کے ساتھ جو اتنا شاندار اور مشہور ہے ایک سال کا عرصہ گزارنے کی اور اس بات کی تہہ تک پہنچے ہیں جس نے انھیں ایسا بنایا۔‘



