بلیک میلنگ کا مقدمہ، بینزیما کو تحقیقات میں شامل ہونے کا حکم

 کریم بیزیما نے پچھلے ماہ آرمینیا اور ڈنمارک کے خلاف میچوں سے قبل اپنے ساتھی فٹبالر سے سیکس ٹیپ کے حوالے سے بات کی تھی: ذرائع

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن کریم بیزیما نے پچھلے ماہ آرمینیا اور ڈنمارک کے خلاف میچوں سے قبل اپنے ساتھی فٹبالر سے سیکس ٹیپ کے حوالے سے بات کی تھی: ذرائع

فرانسیسی عدالت نے قومی فٹبال ٹیم کے رکن اور ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کے لیے کھیلنے والے سٹرائیکر کریم بینزیما کو ایک فرانسیسی کھلاڑی کو بلیک میل کرنے کے مقدمے کی باقاعدہ تحقیقات کا حصہ بننے کا حکم دیا ہے۔

27 سالہ الجیریائی نژاد کریم بینزیما نے بدھ کی رات ورسائے پولیس سٹیشن میں گزاری ہے اور انھیں جمعرات کو ایک مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

استغاثہ کریم بینزیما کو باضابطہ طور پر مقدمے کی تحقیقات میں شامل کرنا چاہتا ہے۔

جس مقدمے میں کریم بینزیما سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے جو ایک فرانسیسی فٹبالر میتھیو ویلبینا کو مبینہ طور پر سکیس ٹیپ کی بنا پر بلیک میل کرنے کی کوششوں سے متعلق ہے۔

کریم بینزیما کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس نے اپنے ساتھی فرنچ فٹبالر سے ایک ٹریننگ سیشن کے دوران اس مبینہ سکیس ویڈیو کے بارے میں بات کی تھی۔

کریم بینزیما کے وکیل کا موقف ہے کہ ان کے موکل کا کسی فٹبالر سے رقم ہتھیانے کی کوششوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

بینزیما کے وکیل سلوین پارساں نے کہا ہے کہ ان کے موکل نے میتھیو ویلبینا سیکس ٹیپ کے حوالے جاری تحقیقات میں اپنا نام ظاہر ہونے پر خود پولیس کے سامنے پیش ہو کر اپنے بارے میں شبہات کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عدالت نے فرینک ربری اور کریم بینزیما کے خلاف الزامات کو رد کر دیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعدالت نے فرینک ربری اور کریم بینزیما کے خلاف الزامات کو رد کر دیا تھا

البتہ پولیس ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ کریم بینزیما نے تسلیم کیا ہے کہ انھوں نے اپنے بچپن کے ایک دوست کی درخواست پر اپنے ساتھی فٹبالر میتھیو ویلبینا سے سیکس ٹیپ کے حوالے سے بات کی تھی۔

فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق کریم بیزیما نے پچھلے ماہ آرمینیا اور ڈنمارک کے خلاف میچوں سے قبل ہونے والی ٹریننگ کے دوران اپنے ساتھی فٹبالر سے سیکس ٹیپ کے حوالے سے بات کی تھی۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کریم بینزیما نے متھیو ویلبینا کو صرف ہمدردانہ مشورہ دیا تھا یا انھیں کہا تھا کہ وہ اس سکیس ٹیپ رکھنے والے کو رقم ادا کریں۔

پولیس نے میتھیو ویلبینا سکیس ٹیپ کے حوالے سے تین اور افراد کو بھی حراست میں لے رکھا ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جب کریم بینزیما کو پولیس تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سے پہلے ان پر الزام لگا تھا کہ انھوں نے اپنے ساتھی فٹبالر فرینک ربری کے ہمراہ ایک کم عمر عورت کو رقم کی ادائیگی کے بعد اس کے ساتھ جنسی تعلق استوار کیا تھا۔ عدالت نے دونوں فٹبالروں کے خلاف الزامات کو رد کر دیا تھا۔