آف سپنر بلال آصف کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار

ہمیں یقین تھا کہ آصف کے بولنگ ایکشن کو کلیئر قرار دے دیا جائے گا: انتخاب عالم

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنہمیں یقین تھا کہ آصف کے بولنگ ایکشن کو کلیئر قرار دے دیا جائے گا: انتخاب عالم

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جمعے کو پاکستانی آف سپنر بلال آصف کے ایکشن کو قانونی قرار دیتے ہوئے کلیئر کر دیا ہے۔

زمبابوے کے خلاف سیریز میں پاکستان کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے بلال آصف نے تیسرے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹیں لے کر شاندار کارکردگی دکھائی تھی اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

تاہم میچ کے بعد امپائروں نے بلال آصف کے بولنگ ایکشن پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم کی انتظامیہ کو اس سے آگاہ کر دیا۔

ان کے بولنگ ایکشن کا چینئی کی آئی سی سی سے منظور شدہ لیبارٹری میں 19 اکتوبر کو بائیو مکینک ٹیسٹ ہوا تھا جس کی رپورٹ جمعے کو آئی۔

آئی سی سی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلال آصف کی تمام گیندیں قانونی ہیں اور ان کا بازو آئی سی سی کی مقررہ 15 ڈگری کی حد کے اندر ہے۔

بلال آصف ان دنوں پاکستانی ٹیم کے ساتھ شارجہ میں موجود ہیں اور عمران خان کے زخمی ہونے کے بعد انھیں تیسرے ٹیسٹ میچ میں کھلایا جا سکتا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ٹیم کے مینیجر انتخاب عالم نے کہا کہ یہ پوری ٹیم اور بلال دونوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔

’ہمیں یقین تھا کہ بلال کے بولنگ ایکشن کو کلیئر قرار دے دیا جائے گا۔‘

بلال آصف کو 16 رکنی سکواڈ میں اس لیے شامل کیا گیا تھا کہ اگر یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر ان فِٹ ہو جائیں تو وہ ان کی جگہ کھیل سکیں۔

آئی سی سی نے بولنگ ایکشن پر گذشتہ سال جون سے سختی کی ہے اور اب تک 12 بولرز کے ایکشن کو رپورٹ کیا جا چکا ہے۔

ان بولرز میں سعید اجمل، اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔