آسٹریلیا کا بنگلہ دیش کا دورہ غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی

’ہم نے دورے کو آگے بڑھانے کا راستہ تلاش کرنے کے لیے انتھک محنت کی لیکن آخر میں یہ ممکن نہیں رہا‘

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن’ہم نے دورے کو آگے بڑھانے کا راستہ تلاش کرنے کے لیے انتھک محنت کی لیکن آخر میں یہ ممکن نہیں رہا‘

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر بنگلہ دیش کا دورہ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم 28 ستمبر کو بنگلہ دیش روانہ ہونے والی تھی تاہم اس نے 26 ستمبر کو بنگلہ دیش روانگی موخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایک دن پہلے بدھ کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آسٹریلوی ٹیم کو دورے کے دوران انتہائی سخت سکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ ہم اسی طرح کی سکیورٹی فراہم کریں گے جیسا کہ کسی سربراہ کو دورے کے دوران دی جاتی ہے۔‘

جمعرات کو کرکٹ آسٹریلیا نے دورے کو ملتوی کرنے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی خدشات کے متعلق آزاد جانچ کے مطابق بنگلہ دیش میں شدت پسندی کا خطرہ ہے جس میں آسٹریلوی شہریوں کو ہدف بنایا جا سکتا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کے مطابق’ہم نے دورے کو آگے بڑھانے کا راستہ تلاش کرنے کے لیے انتھک محنت کی لیکن آخر میں یہ ممکن نہیں رہا۔‘

اس سے پہلے انھوں نے 26 ستمبر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ٹیم کی سفری تفصیلات کو حتمی شکل دینے سے پہلے ہم اگلے ہفتے تک سکیورٹی کے حوالے سے معلومات آنے کا انتظار کریں گے۔‘

دورہ ملتوی ہونے پر آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیرن لیہمن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’ہم نے کھلاڑیوں اور عملے کی سلامتی کے پیش نظر درست فیصلہ کیا ہے۔‘

دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 9 اکتوبر کو چٹاگانگ میں ہونا تھا۔