عماد کی عمدہ بولنگ، پہلے ٹی 20 میں پاکستان فاتح

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان نے پہلے ٹی 20 کرکٹ میچ میں زمبابوے کو 13 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے میزبان ٹیم کو 137 رنز کا ہدف دیا لیکن زمبابوے کے بلے باز مقررہ اووز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز ہی بنا سکے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90267" platform="highweb"/></link>
پاکستان کی فتح میں اہم کردار اپنا چوتھا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے عماد وسیم نے ادا کیا جنھوں نے کریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 11 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں اور مین آف دی میچ بھی بنے۔
زمبابوے کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز چبابا تھے جنھیں عماد وسیم نے اننگز کے پہلے اوور کی آخری گیند پر بولڈ کیا۔
عماد نے ہی پاکستانی نژاد سکندر رضا، ہملٹن مساکادزا اور شان ولیئمز کی وکٹیں بھی لیں۔
کریگ اروائن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 11 رنز بنانے کے بعد سہیل تنویر کی وکٹ بنے جبکہ کریمر کو آفریدی نے وہاب ریاض کی گیند پر کیچ کیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس کے علاوہ ایلٹن چگمبرا، متمبامی اور اپنا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے لیوک جونگوی تینوں رن آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بلے بازوں نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔
پاکستانی بلے باز اس میچ میں قابلِ ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور تیز کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوتے رہے۔
شعیب ملک 24 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹاپ سکورر رہے۔
ان کے علاوہ محمد رضوان نے 33 جبکہ عماد وسیم نے 19 رنز بنائے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
زمبابوے کی جانب سے چبابا تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں فاسٹ بولر عمران خان جونیئر بھی شامل تھے جن کا یہ پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ تھا۔
سوات سے تعلق رکھنے والے عمران خان کو ڈومیسٹک ٹی 20 ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستانی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم دورۂ زمبابوے کے دوران دو ٹی 20 اور تین ایک روزہ میچ کھیلے گی۔



