انتخاب عالم پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینیجر

انتخاب عالم پہلی بار سنہ 1980 میں پاکستانی ٹیم کے مینیجر بنے تھے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنانتخاب عالم پہلی بار سنہ 1980 میں پاکستانی ٹیم کے مینیجر بنے تھے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

سابق ٹیسٹ کرکٹر انتخاب عالم کو دورۂ زمبابوے اور متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا مینیجر مقرر کیا گیا ہے۔

انتخاب عالم نوید اکرم چیمہ کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھال رہے ہیں جنھیں فیڈرل سروس کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینیجر کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔

انتخاب عالم اس نئی ذمہ داری سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ تھے تاہم گذشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے جن ملازمین کی ملازمتیں ختم کیں ان میں انتخاب عالم بھی شامل تھے۔

انتخاب عالم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں سب سے زیادہ عرصے ذمہ داریاں نبھانے والے کرکٹر ہیں۔

انتخاب عالم پہلی بار سنہ 1980 میں پاکستانی ٹیم کے مینیجر بنے تھے جبکہ انھوں نے اس عہدے پر آخری ذمہ داری 2011 میں نبھائی تھی۔

انتخاب عالم 1992 کا عالمی کپ اور 2009 کا ورلڈ ٹی20 جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے بھی مینیجر تھے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم بدھ اور جمعرات کی درمیان شب زمبابوے روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ تین ون ڈے اور دو ٹی20 انٹرنیشنل کھیلے گی۔