یوایس اوپن کے فائنل میں جوکووچ اور فیڈرر مد مقابل

سنہ 2009 کے بعد راجر فیڈرر پہلی بار یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسنہ 2009 کے بعد راجر فیڈرر پہلی بار یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں

سال کے آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یو ایس اوپن کے فائنل میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں روایتی حریف نواک جوکووچ اور راجر فیڈرر آمنے سامنے ہوں گے۔

مردوں کے سنگلز کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک سربیا کے نواک جوکووچ نے کروشیا کے مارن کلک کو سیدھے سیٹوں بہ آسانی 0-6، 1-6، 2-6 سے شکست دی۔

جبکہ دوسرے مقابلے میں دوسری عالمی رینک کے حامل سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے بھی آسان جیت درج کی۔ انھوں نے عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر کے کھلاڑی اور ہم وطن سٹین وارونکا کو 4-6، 3-6 اور 1-6 سے شکست دی۔

خیال رہے کہ سنہ 2009 کے بعد راجر فیڈرر پہلی بار یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں۔

نوواک جوکووچ رواں سال بہترین فارم میں نظر آ رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشننوواک جوکووچ رواں سال بہترین فارم میں نظر آ رہے ہیں

نواک جوکووچ اگر فائنل میں فتح یاب ہوتے ہیں تو یہ ان کا 10 واں بڑا خطاب ہوگا اور رواں سال کا تیسرا گرینڈ سلیم۔ اس سے قبل انھوں نے آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن فرنچ اوپن کے فائنل میں شکست سے دو چار ہو گئے تھے۔

17 بار گرینڈ سلیم جیتنے والے فیڈرر نے کہا کہ ’رواں سال نوواک زبردست فارم میں ہیں اور ہم جب بھی کھیلتے ہیں تو میچ میں بہت کچھ ہوتا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’وہ ہارڈ کورٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں اور ذہنی طور پر بھی بہت مضبوط ہیں لیکن میں اس قسم کے چیلنج کو پسند کرتا ہوں اور میں اس کے لیے تیار رہوں گا۔‘

ونسی نے سرینا کو شکست دے کر زبردست الٹ پھیر کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنونسی نے سرینا کو شکست دے کر زبردست الٹ پھیر کیا ہے

اس سے قبل سرینا ولیمز خواتین کے سیمی فائنل میں ایک غیر سیڈڈ کھلاڑی سے ہار گئی اور اس طرح وہ سٹیفی گراف کے سال کے چاروں گرینڈ سلیم جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کرنے سے چوک گئی۔

انھیں اٹلی کی روبرٹا ونسی نے ایک سخت مقابلے کے بعد پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شکست دی۔

امریکی اوپن کی دو بار کی چیمپین ٹریسی آسٹن نے سرینا کی شکست کو ’ٹینس کی تاریخی کے سب سے بڑے اپ سیٹ میں سے ایک‘ قرار دیا ہے۔

اب ونسی کا مقابلہ ان کی ہم وطن اور فلاویا پینیٹا سے ہوگا جنھوں نے دوسرے نمبر کی کھلاڑی شیموگا ہالپ کو شکست دے کر ایک اور اپ سیٹ کیا ہے۔

ہنگس اور پیز کی جوڑی نے رواں سال تین گرینڈ سلیم میں کامیابی حاصل کی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنہنگس اور پیز کی جوڑی نے رواں سال تین گرینڈ سلیم میں کامیابی حاصل کی ہے

دوسری جانب خواتین اور مردوں کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں کے فائنل میں بھارت کے لیئینڈر پیز اور سوئٹزرلینڈ کی سابق نمبر ایک کھلاڑی مارٹینا ہنگس کی جوڑی نے کامیابی حاصل کی۔

انھوں نے امریکی جوڑی کو تین سیٹوں میں شکست دی اور اس طرح رواں سال انھوں نے تین گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔

خیال رہے کہ اتوار کو ہنگس اور ثانیہ مرزا کی جوڑی خواتین کے ڈبلز مقابلوں کا فائنل کھیل رہی ہے۔