یوایس اوپن: اینڈی مرے کو شکست، فیڈرر کوارٹر فائنل میں

برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے یو ایس اوپن ٹورنامنٹ سے چوتھے راؤنڈ میں باہر ہو گئے ہیں جبکہ راجر فیڈرر نے سیدھے سیٹوں میں کامیابی حاصل کی۔
گذشتہ پانچ سال میں یہ پہلا موقعہ ہے جب اینڈی مرے اتنی جلدی کسی گرینڈ سلیم سے باہر ہوئے ہوں۔
میچ کے دوران اینڈی مرے کھیل پر اپنا کنٹرول نہیں رکھ پائے اور انھوں نے اپنی جھنجھلاہٹ ریکیٹ پر نکالی۔
چار گھنٹے 18 منٹ تک چلنے والے ایک انتہائی سخت مقابلے میں جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن نے مرے کو شکست دی۔
اینڈرسن پہلی بار کسی بڑے مقابلہ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
اینڈرسن نے اس مقابلے میں 6-7 (5-7)، 3-6، 7-6 (7-2) اور 6-7 (0-7) سے جیت حاصل کی۔
دوسری طرف خواتین کے سنگلز مقابلے میں پیٹرا کویتووا نے برطانیہ کی جو كونٹا کو سیدھے سیٹوں میں 7-5 ، 6-3 سے ہرا دیا۔
فلشنگ میڈوز کی شام کو صرف 12 منٹ کے دوران ٹینس کے سنگلز مقابلوں میں برطانیہ کی دو امیدیں ختم ہو گئیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
کونٹا کی جیت کا سلسلہ 16 میچوں کے بعد آرتھر ایشے سٹیڈیم میں سیدھے سیٹوں میں شکست کے بعد رک گیا جبکہ اینڈی مرے کی امیدیں لوئی آرم سٹرونگ سٹیڈیم کے گرم ماحول میں خاک میں مل گئیں۔
خیال رہے کہ 38 سال قبل مردوں اور خواتین کے کوارٹر فائنلز میں برطانوی کھلاڑی پہنچے تھے۔
مرے نے اس میچ کے بعد کہا: ’واضح طور یہ شکست بہت مایوس کن ہے۔ یہ بہت سالوں کی محنت کا نتیجہ تھا اور اسے کھونا بہت سخت ہے۔‘

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی اینڈرسن کا قد چھ فٹ اور آٹھ انچ ہے اور انھوں نے اس میچ سے قبل سب سے زیادہ 69 ایسز مار رکھے تھے اور یہ ان کی قوت کا واضح ثبوت ہیں۔
خواتین سنگلز کے چوتھے راؤنڈ کے دوسرے مقابلوں میں ازارینکا نے امریکہ کی لیپچنکو کو 3-6، 4-6 سے شکست دی۔
فیڈرر نے امریکہ کے جے اسنر کو 6-7۔ 6-7، 5-7 سے شکست دی۔



